پی ایچ ایف اور پارکو میں ہاکی کوچز کی تربیت کیلئے ایم او یو
کوچنگ معیار بہتر بنانے کیلئے پروگرام ملک بھر میں شروع کیاجارہا:محی الدین وانی
لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان ہاکی فیڈریشن اور پاکستان عرب ریفائنری کمپنی (پارکو) کے درمیان ہاکی کوچز کی تربیت کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگئے ،تقریب میں صدر پی ایچ ایف محی الدین وانی اور منیجنگ ڈائریکٹر پارکو مرتضیٰ قریشی نے ایم او یو پر دستخط کیے جبکہ وفاقی سیکرٹری پٹرولیم عابد یعقوب اور ذیشان نقوی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر پی ایچ ایف محی الدین وانی نے کہا کہ قومی کھیل کی ترقی اور بحالی کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور اس مقصد کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ کوچز کی تربیت کا پروگرام ملک بھر میں شروع کیا جائے گا تاکہ جدید تقاضوں کے مطابق کوچنگ کا معیار بہتر بنایا جا سکے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن جونیئر ٹیموں کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور ہاکی کو اس کا کھویا ہوا مقام دلانے کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔اس موقع پر سیکرٹری پٹرولیم عابد یعقوب نے کہا کہ پارکو ایک اچھے مقصد کے لیے قومی کھیل کی سرپرستی کر رہی ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مشترکہ کاوشوں سے پاکستان ہاکی دوبارہ عالمی سطح پر اپنی کھوئی ہوئی شناخت حاصل کرنے میں کامیاب ہوگی۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر پی ایچ ایف محی الدین وانی نے کہا کہ قومی ٹیم کی پرو لیگ اور ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کی تربیت فراہم کی گئی ہے ، کوریا کی ہاکی ٹیم کو پاکستان مدعو کیا جا رہا ہے اور کورین ٹیم پاکستان کی سینئر اور جونیئر ٹیموں کے خلاف میچز کھیلے گی۔