بچوں کو پھل سبزیاں کھلانے کیلئے نصف پلیٹ کی ترکیب
امریکی ماہرین نے کہا کہ اگر بچے پھل اور سبزیوں سے بھاگتے ہیں تو اس کیلئے ایک نسخہ آزمائیں جس میں بچوں کی پلیٹ میں روایتی کھانا نصف کردیں اور آدھی جگہ پر سبزیاں اور پھل رکھ دیں
پنسلوانیا(نیٹ نیوز)اس تدبیر سے بچے پھل اور سبزیوں کی جانب راغب ہوسکتے ہیں۔ کھانے کی پوری مقدار کے ساتھ ساتھ پھل اور سبزیاں رکھنے سے بچے 24 فیصد زائد سبزیاں اور 33 فیصد زائد پھل کھانے لگے لیکن جب روایتی کھانے کی مقدار کم کرکے پھل اور سبزیوں کو ان کی جگہ رکھا گیا تو اس کے سب سے اچھے نتائج برآمد ہوئے یعنی سبزیوں کا استعمال 41 اور پھلوں کا استعمال 38 فیصد بڑھا۔یہ تحقیق پنسلوانیا سٹیٹ یونیورسٹی میں ہیومن انجیسٹو بیہیویئر کی ماہر باربرا رولس نے کی ہے ۔ وہ کہتی ہیں کہ تحقیق کے نتائج بہت حوصلہ افزا ہے ۔ نئی تدبیر سے کھانا ضائع نہیں ہوتا اور بچے صحت بخش غذا کی جانب مائل ہوتے ہیں۔