بکری سرکاری دستاویزات لے اڑی،ملازمین کی دوڑیں
بھارت میں بکری سرکاری دفترمیں گھس کرکاغذات لے اڑی۔ سرکاری ملازم کی دوڑیں لگ گئیں
ممبئی(نیٹ نیوز)سرکاری دفاترمیں مختلف کاموں کے لئے لوگوں کا ہجوم توعام بات ہے لیکن بھارتی شہرکان پورمیں ایک بکری کی سرکاری دفترمیں انٹری نے سرکاری ملازمین کی دوڑیں لگوا دیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق کان پورکے ایک سرکاری دفترکے خالی کمرے میں بکری گھس گئی اورفائل منہ میں دبا کرروانہ ہوگئی۔ سرکاری ملازم نے بکری کوفائل لے جاتے دیکھا توپھر بکری آگے آگے اورسرکاری ملازم پیچھے پیچھے ۔وائرل ویڈیو کے دوران ایک آواز آتی ہے جس میں سرکاری افسر بکری سے کہہ رہا ہے کہ ’ارے دے دے یار‘ لیکن بکری کہاں سننے والی تھی وہ بھاگتی رہی، بھاگ دوڑ کا یہ سلسلہ کافی دیرتک جاری رہا جس کے بعد سر کاری ملازمین فائل واپس حاصل کرنے میں توکامیاب ہوگئے لیکن اتنی دیرمیں بکری کئی کاغذات چبا چکی تھی۔