تپتے صحرا نے بھی برف کا کمبل اوڑھ لیا، حیرت انگیز ویڈیو
عین سیفرا (نیٹ نیوز)الجزائر کے صحرا میں برف باری کے بعد دیکھنے جانے والے منظر نے صارفین کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کردیا ۔
الجزائر کے شہر عین سیفرا میں درجہ حرارت منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کے بعد جم کر برفباری ہوئی اور دیکھتے ہی دیکھتے پورا صحرا برف سے ڈھک گیا۔مقامی فوٹوگرافر کریم بوچیتا نے شمال مغربی الجزائر میں عین سیفرا کے صحرا میں برفباری کی شاندار تصاویر بنائیں اور اسے سوشل میڈیا پر پوسٹ کردیا۔انہوں نے وسیع و عریض ریگستان سمیت ریت کے ٹیلوں پر جمی برف کی دلکش تصاویر بنائیں جنہیں دیکھنے والے دم بخود رہ گئے ۔
ریت کے اوپر پڑی برف کی موٹی تہہ دیکھنے میں ایک کمبل جیسی لگ رہی ہے ۔ افریقی ممالک میں پھیلے صحرا ‘‘صحرائے اعظم’’ میں برف باری ہوئی ہے اور درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گرگیا۔دنیا کے سب سے بڑے صحرا میں برف باری کا ہونا ایک منفرد مظہر ہے ۔