روسی ہیکرز کے ہاتھوں سینکڑوں اکاؤنٹس ہیک کرلئے گئے
نیویارک(نیٹ نیوز)ایک نئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ روسی ہیکرز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم بلیو اسکائی پر سینکڑوں آن لائن اکاؤنٹس ہیک کر کے انہیں جعلی خبروں کی تشہیر کیلئے استعمال کیا ہے ۔
ان پوسٹس کا مقصد یوکرین کے حق میں عوامی حمایت کو کمزور کرنا تھا۔امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کے مطابق اپریل سے اب تک ایسی تقریباً دو ہزار پوسٹس ہٹائی جا چکی ہیں، جو مختلف وقفوں سے سامنے آ رہی تھیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ عمل روسی ہیکرز کی جانب سے آن لائن گمراہ کن معلومات پھیلانے کی مہم میں نئے اور زیادہ جارحانہ مرحلے کی نشاندہی کرتا ہے ۔کلیمسن یونیورسٹی کے میڈیا فارنزکس ہب کے ڈائریکٹر ڈیرن لنول نے اخبار کو بتایا کہ روسی ہیکرز پہلے فرضی اکاؤنٹس اور من گھڑت مواد پر انحصار کرتے تھے ، مگر اب ان کی حکمتِ عملی تبدیل ہوگئی ہے ۔