پی آئی اے کے 7 ارب روپے غائب ہوگئے , آڈٹ رپورٹ میں انکشاف

پی آئی اے کے 7 ارب روپے غائب ہوگئے , آڈٹ رپورٹ میں انکشاف

آڈیٹر جنرل نے سپریم کورٹ کے حکم پر قومی ایئرلائن میں مالی بے ضابطگیوں کی چھان بین شروع کر دی وزارتِ خزانہ نے 30.81ارب دیئے جبکہ پی آئی اے نے 23.565ارب ظاہرکیے ،آڈٹ رپورٹ

اسلام آباد(این این آئی)قومی ایئر لائن پی آئی اے کی آڈٹ رپورٹ میں 7ارب روپے غائب ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے سپریم کورٹ کے حکم پر قومی ایئرلائن میں مالی بے ضابطگیوں کی چھان بین شروع کر دی اور اس حوالے سے سی ای او پی آئی اے کو خصوصی مراسلہ جاری کر دیا ۔ مراسلے اور آڈٹ رپورٹ میں لکھا گیا کہ وزارتِ خزانہ کی جانب سے پی آئی اے کو فنڈز کی مد میں فراہم کی جانے والی رقم 30.81 ارب روپے ہے جبکہ ایئرلائن کے فنانس ڈیپارٹ کی جانب سے فراہم کردہ حساب کی رقم 23.565 ارب روپے ظاہر کی گئی ہے ٗ اس طرح تقریبا 7 ارب روپے غائب ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔مراسلے میں لکھا گیا کہ وزراتِ خزانہ کی جانب سے ضمانتوں کی رقم پی آئی اے کی جانب سے 175.086 ارب بتائی گئی ہے جبکہ وزارتِ خزانہ کی جانب سے یہ رقم 177.230 ارب روپے درج کی گئی ہے ۔ اس مد میں بھی 2 ارب روپے کا فرق آرہا ہے ٗ خصوصی مراسلے میں پی آئی اے انتظامیہ کو 10 سالہ مالی ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔آڈیٹر جنرل آف پاکستان کا مراسلہ ملنے کے بعد پی آئی اے حکام نے اپنے چیف فنانس آفیسر نیّر حیات سے غلط معلومات فراہم کرنے پر وضاحت طلب کرتے ہوئے اظہارِوجودہ کا نوٹس جاری کردیا ہے ۔ نوٹس میں استفسار کیا گیا کہ آڈٹ ٹیم کو فراہم کردہ اعداد و شمار اور ادارے کو ملنے والی رقوم میں فرق کیسے آیا اور آڈیٹر جنرل کی باربار درخواست کے باوجود درست معلومات فراہم کرنے میں ناکامی کی وجہ کیا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں