محمد عامر ٹی ٹین کرکٹ کی حمایت میں سامنے آگئے
مذکورہ فارمیٹ میں ڈاٹ بالز کا گر سیکھنے سے اعتماد میں اضافہ ہوگا، قومی فاسٹ بالر
کراچی (اسپورٹس رپورٹر) قومی فاسٹ بالر محمد عامر ٹی ٹین کرکٹ کی حمایت میں سامنے آگئے ۔ ان کا کہنا ہے کہ اس ایونٹ سے ٹی ٹوئنٹی کے دباؤکو سنبھالنے میں مدد ملے گی۔ گزشتہ روز شارجہ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بعض لوگ سمجھتے ہیں کہ ٹی ٹین فارمیٹ بیٹسمینوں کیلئے ہے جبکہ حقیقت یہ ہے بالرز بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں کیونکہ مذکورہ فارمیٹ میں دباؤبہت زیادہ ہوتا ہے۔ واضح رہے کہ ٹی ٹین لیگ کے انعقاد سے نئی بحث چھڑ گئی ہے ۔ بعض ٹیسٹ کھلاڑی اور ماہرین ٹی ٹین کرکٹ کے حق میں ہیں جبکہ چند افراد نے اسے نقصان دہ قرار دیا ہے ۔ محمد عامر کا کہنا تھا کہ ٹی ٹین کرکٹ میں بالرز کو زیادہ سے زیادہ ڈاٹ گیندیں کرانے کی کوشش کرنا ہوتی ہیں جبکہ ٹی ٹوئنٹی میں رنز کی رفتار کو کم کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ٹین کرکٹ سے ڈاٹ بالز کرانا سیکھیں گے جس سے اعتماد مزید بڑھ جائے گا۔ محمد عامر کے مطابق مراٹھا عربینز کی نمائندگی کرنے کے دوران کوچ وسیم اکرم سے کافی سیکھنے کو مل رہا ہے ۔ انہیں وسیم اکرم نے بتایا کہ ہر گیند کتنی اہم ہوتی ہے۔ کوچ سے بالنگ کی ورائٹی ، یارکرز اور مختلف رفتار کے بارے میں سیکھنے کو ملا۔