سیریز برابر کرنے کا سنہری موقع ضائع ہو گیا،شاداب خان

سیریز برابر کرنے کا سنہری موقع ضائع ہو گیا،شاداب خان

دوسرے ون ڈے میں شکست کی اہم ترین وجہ کئی مواقع پر غلطیاں تھیں،لیگ اسپنر

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) قومی لیگ اسپنر شاداب خان کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کیخلاف دوسرا ون ڈے جیت کر سیریز برابر ہو سکتی تھی مگر یہ سنہری موقع ضائع ہو گیا۔گزشتہ روز نیلسن میں میڈیا سے بات چیت کے دوران شاداب خان کا کہنا تھا کہ انہیں دوسرے ایک روزہ میچ میں شکست پر شدید مایوسی ہوئی کیونکہ ایک موقع پر پاکستانی ٹیم کھیل میں موجود تھی اور انہیں ایسا نہیں لگتا تھا کہ شکست بھی ہو سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستانی ٹیم نے یہ موقع گنوا دیا کیونکہ میچ کے دوران کئی اہم مواقع پر غلطیاں کی گئیں جبکہ نیوزی لینڈ نے اپنے ماحول سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔ واضح رہے کہ میچ میں شاداب خان نے شاندار نصف سنچری بھی اسکور کی لیکن وہ ضائع ہو گئی۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ کوشش کر رہے تھے کہ جتنے اوورز بھی باقی ہیں اس میں پاکستان کیلئے زیادہ سے زیادہ رنز اسکور بورڈ پر سجا سکیں کیونکہ اس کی بہت زیادہ ضرورت بھی تھی۔ شاداب خان کا کہنا تھا کہ نیٹ پریکٹس کے دوران وہ ریگولر بیٹنگ پریکٹس بھی کرتے ہیں شاید یہی وجہ ہے کہ انہوں نے بیٹنگ کے دوران اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ابھی مزید تین میچز باقی ہیں لہٰذا پاکستان کیلئے سیریز ابھی ختم نہیں ہوئی اور انہیں پوری امید ہے کہ تیسرے میچ میں کامیابی حاصل کرکے سیریز میں کم بیک کریں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ میچوں کے دوران بھی وہ اپنی بیٹنگ کے ساتھ ہی بالنگ کارکردگی میں بہتری کی بھی پوری کوشش کریں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں