باکسر عامر خان کا ایک بار پھر رنگ میں اترنے کا اعلان
سابق ورلڈ چیمپئن رواں برس تین بین الاقوامی مقابلوں میں ان ایکشن ہونگے
لندن (دنیا نیوز)پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے ایک بار پھر باکسنگ رنگ میں اترنے کا اعلان کر دیا۔ سابق ورلڈ چیمپئن رواں برس تین بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ لیں گے ۔باکسر عامر خان ایک بار پھر شائقین کو ایکشن میں نظر آئیں گے ۔ اپنے زور دار مکوں کے بدولت مشہور عامر خان نے رواں سال تین مقابلوں کا معاہدہ کر لیا۔سابق ورلڈ چیمپئن باکسر عامر خان نے لندن میں ایڈی ہیرن، ایڈم سمتھ اور اپنے والد شاہ خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر عامر خان کا کہنا تھا کہ وہ دو سال بعد لیورپول میں 21 اپریل کو رنگ میں اتریں گے ۔عامر خان کے پروموٹر ایڈی ہیرن نے کہا کہ عامر خان کے مد مقابل کا اعلان اگلے ہفتے کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال عامر خان کے مینی پیکیو، کیل بروک، کیتھ تھورمین اور ایرل سپینس سے مقابلوں کا امکان ہے ۔ ان کے والد کا کہنا تھا کہ عامر خان نے لمبے عرصے بعد دوبارہ رنگ میں اترنے کا بہترین فیصلہ کیا ہے ۔