مکی آرتھر نے کلین سوئپ کا ملبہ ٹاپ آرڈر بیٹنگ پر ڈال دیا

مکی آرتھر نے کلین سوئپ کا ملبہ ٹاپ آرڈر بیٹنگ پر ڈال دیا

پاکستانی بیٹسمین صلاحیتوں کے مطابق نہیں کھیلے جو مایوس کن بات تھی،ہیڈ کوچ

ویلنگٹن (اسپورٹس ڈیسک)قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے نیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز میں کلین سوئپ ناکامی کا ملبہ ٹاپ آرڈر پاکستانی بیٹسمینوں پر ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کوئی بہانہ بنانے کے بجائے تسلیم کرتے ہیں کہ برا کھیل کر سیریز گنوا بیٹھے ۔ پانچویں میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ کنڈیشنز اتنی زیادہ خراب نہیں تھیں اور پاکستانی بیٹسمینوں کو آگے بڑھ کر چیلنج قبول کرنا چاہئے تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹاپ آرڈر بیٹنگ نے پوری سیریز میں اچھی کارکردگی نہیں دکھائی جو انتہائی مایوس کن امر ہے کیونکہ بیشتر کھلاڑی خود کو ماحول سے ہم آہنگ نہیں کر سکے اور اپنی بہترین صلاحیتوں کے مطابق کھیلنے سے محروم رہے ۔ ہیڈ کوچ نے تسلیم کیا کہ پاکستانی ٹیم ہوم کنڈیشنز کی بہترین ٹیم ہے لیکن دنیا کے اس خطے میں پلیئرز کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور سچی بات تو یہ ہے کہ اس سے بہتر کھیل پیش کیا جا سکتا تھا۔انہوں نے کہا کہ دنیا کی ہر ٹیم اپنی ہوم کنڈیشنز میں بہتر کھیل کا مظاہرہ کرتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ دنیا کی بہترین ٹیم وہی ہے جو بیرون ملک بھی اچھی کارکردگی دکھا سکے ۔ مکی آرتھر نے سیریز کے آخری دونوں میچوں میں موقع ملنے پر نصف سنچری بنانے والے حارث سہیل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ثابت کیا کہ کس موقع پر بیٹسمین کو کس طرح کھیلنا چاہئے ۔مکی آرتھر کے مطابق پاکستانی ٹیم اس سے قابل متواتر کامیابیاں حاصل کر رہی تھی لہٰذا بدقسمتی سے اس کی خامیوں کے بارے میں اندازہ نہیں ہو سکا اور نتیجہ شکست کی صورت سامنے آیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں