اسٹاک ایکسچینج:دوسرے روز بھی مندی، 72فیصد حصص گرگئے

اسٹاک ایکسچینج:دوسرے روز بھی مندی، 72فیصد حصص گرگئے

994پوائنٹس کمی، انڈیکس 173ہزار کی سطح سے نیچے آگیا، 139ارب ڈوب گئے اختتامی لمحات میں نچلی قیمتوں پردوبارہ خریداری بڑھنے سے مندی کی شدت میں کمی

کراچی(کامرس رپورٹر)امریکا ایران کی تیل وگیس کی تنصیبات پر حملوں کی دھمکی سے آبنائے ہرمز کے اطراف بڑھتے خطرات سے اسٹاک ایکسچینج میں منگل کوبھی مندی رہی جس سے بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس کی 1لاکھ 73ہزار پوائنٹس کی سطح گرگئی۔ مندی کے سبب 72.37فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی جبکہ سرمایہ کاروں کے مزید 1کھرب 38 ارب 98کروڑ 43لاکھ 64 ہزار 063روپے ڈوب گئے۔ کاروباری دورانئے میں ایک موقع پر 100 پوائنٹس کی تیزی بھی رونما ہوئی لیکن منفی رجحانات کے سبب حصص کی آف لوڈنگ مسلسل جاری رہی جس سے ایک موقع پر 2145 پوائنٹس کی مندی سے انڈیکس کی 1لاکھ 72ہزار پوائنٹس کی سطح بھی گرگئی تھی تاہم اختتامی لمحات میں نچلی قیمتوں پر دوبارہ خریداری بڑھنے سے مندی کی شدت میں کمی واقع ہوئی نتیجتاً کاروبار کے اختتام پر انڈیکس 993.92 پوائنٹس کی کمی سے 172642.16پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا، کے ایس ای 30  انڈیکس 288.52 پوائنٹس کی کمی سے 51414.64 پوائنٹس، کے ایس ای آل شیئر انڈیکس 746.89 پوائنٹس کی کمی سے 104658.41 پوائنٹس اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 1413.60 پوائنٹس کی کمی سے 246107.08پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری حجم پیر کی نسبت 6.39فیصد زائد رہا اور مجموعی 72کروڑ 26 لاکھ 24ہزار 203 حصص کے سودے ہوئے ۔ جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 496 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 101 کمپنیوں کے بھاو میں اضافہ 359 کمپنیوں کے داموں میں کمی اور 36 کمپنیوں کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...