تاریخ میں پہلی بار بینکوں کی ہاؤسنگ فنانس میں ریکارڈ سطح عبور
جولائی میں قرضے 286ارب کی بلند ترین سطح پرپہنچ گئے ، اسٹیٹ بینک، اعداد وشمار
کراچی(محمد حمزہ گیلانی)ملکی تاریخ میں پہلی بار بینکوں کے ہاؤسنگ فنانس نے ریکارڈ سطح عبور کرلی، اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2026ء میں بینکوں کے ہاؤسنگ قرضے 286 ارب روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے ۔ ہاؤسنگ فنانس میں نمایاں اضافے کی بڑی وجہ حکومت کی ‘‘میرا گھر میرا آشیانہ’’ کے نام سے سبسڈائزڈ ہاؤسنگ فنانس اسکیم قرار دی جارہی ہے ، جس کے تحت شہریوں کو نسبتاً کم لاگت پر گھر کی خریداری، تعمیر یا تکمیل کے لیے قرضوں کی سہولت فراہم کی جارہی ہے بینکاری شعبے کے اعداد و شمار کے مطابق حکومتی رعایتی اسکیم کے باعث گھروں کے لیے قرض حاصل کرنے والے افراد کی تعداد اور فنانسنگ کی طلب میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اس رجحان سے ملک میں مارگیج فنانس کی رسائی بڑھنے اور بینکوں کے ہاؤسنگ پورٹ فولیو میں مزید توسیع کی توقع ہے۔ ماہرین کے مطابق حکومت کی سبسڈائزڈ ہاؤسنگ فنانس اسکیم نے عام شہریوں کے لیے گھر کی خریداری اور تعمیر کے مالی اخراجات کم کرنے میں مدد دی ہے جسکے نتیجے میں ہاؤسنگ قرضوں کی طلب میں اضافہ ہوا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر اسکیم کا دائرہ کار اور فنانسنگ کی سہولت برقرار رہی تو آنے والے عرصے میں مارگیج اور ہاؤسنگ فنانس میں مزید نمایاں اضافہ متوقع ہے ، جس سے تعمیراتی سرگرمیوں، متعلقہ صنعتوں اور روزگار کے مواقع کو بھی فروغ مل سکتا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments