بڑے چیمبرز پر مشتمل مشترکہ پلیٹ فارم قائم کرنے کی تجویز
مسائل کے حل کیلئے کاروباری برادری متحد ہو کر آواز اٹھائے ،طلعت محمود
اسلام آباد(اے پی پی)کراچی چیمبر کے صدر طلعت محمود نے ملک بھر کے پانچ سے چھ بڑے چیمبرز آف کامرس پر مشتمل مشترکہ پلیٹ فارم تشکیل دینے کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کاروباری اور صنعتی شعبے کے مشترکہ مسائل کے حل کے لیے تمام بڑے چیمبرز کو متحد ہو کر مؤثر آواز اٹھانی چاہیے ۔ انہوں نے تجویز دی کہ اس پلیٹ فارم کے ماہانہ اجلاس مختلف شہروں میں باری باری منعقد کیے جائیں۔بدھ کے روز اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انفرادی سطح پر پیش کی جانے والی تجاویز اور مطالبات اکثر مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کر پاتے جبکہ بڑے چیمبرز کا مشترکہ مؤقف حکومت کے سامنے زیادہ مؤثر ثابت ہو سکتا ہے۔
انہوں نے معروف چیمبرز کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے پر آئی سی سی آئی کے صدر محمد ذکریا اکبر ضیا کی کاوشوں کو سراہا اور اسلام آباد چیمبر کی قیادت کو کراچی کے دورے کی دعوت بھی دی۔پاکستان کو درپیش معاشی چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے طلعت محمود نے کہا کہ ملک کی برآمدات تقریبا 30 ارب ڈالر جبکہ ترسیلات زر تقریبا 41 ارب ڈالر ہیں۔ انہوں نے ترسیلات زر پر ضرورت سے زیادہ انحصار کے بجائے ایسی پالیسیوں اور مراعات متعارف کرانے کی ضرورت پر زور دیا جو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو اپنے وطن میں سرمایہ کاری کی ترغیب دیں اور ملکی معاشی سرگرمیوں کو فروغ دیں۔ انہوں نے کاروباری برادری کے لیے خصوصی سہولتوں بالخصوص ہوائی اڈوں پر تاجروں اور سرمایہ کاروں کے لیے الگ انتظامات کی تجویز بھی دی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments