ایس آئی ایف سی کاون ونڈو فسلیٹیشن سنٹر قابلِ تحسین، زکریا اکبر

ایس آئی ایف سی کاون ونڈو فسلیٹیشن سنٹر قابلِ تحسین، زکریا اکبر

سہولتیں، ادارہ جاتی ہم آہنگی سرمایہ کاری کیلئے ناگزیر، صدر آئی سی سی آئی

اسلام آباد(آن لائن )اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر محمد زکریا اکبر ضیاء نے وفد کے ہمراہ اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلی ٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے بزنس فسیلی ٹیشن سینٹر اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں انہیں سرمایہ کاروں کو سہولتوں کی فراہمی، نئے کاروباری منصوبوں کے فروغ اور ملک میں کاروبار کیلئے سازگار ماحول کی تشکیل کے حوالے سے سینٹر کے کردار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر سنٹر کے سربراہ سلمان ملک اور ان کی ٹیم نے وفد کو ادارے کے طریقہ کار اور مختلف حکومتی محکموں کو ایک ہی چھت تلے یکجا کرکے سرمایہ کاروں کو ون ونڈو سہولتیں فراہم کرنے کے اقدامات سے آگاہ کیا۔محمد زکریا اکبر ضیاء نے ون ونڈو بزنس فسیلی ٹیشن سینٹر کے قیام کو کاروباری برادری کی سہولت اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کی جانب ایک بروقت اور اہم اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ مؤثر کاروباری سہولت کاری، اداروں کے درمیان بہتر رابطہ کاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا فروغ پاکستان کی معاشی استعداد سے بھرپور استفادہ کرنے اور پائیدار اقتصادی ترقی کے حصول کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کاروبار کرنے میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے محض پالیسی اعلانات کافی نہیں بلکہ عملی اور نتیجہ خیز اقدامات کی ضرورت ہے ۔

سرکاری طریقہ کار کو آسان بنانے ، غیر ضروری رکاوٹوں کے خاتمے اور کاروباری افراد کے حقیقی مسائل کے فوری حل سے نئی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوگی، صنعتی سرگرمیوں کو تقویت ملے گی اور پاکستان کی برآمدی صلاحیت میں اضافہ ممکن ہوگا۔ آئی سی سی آئی کے صدر نے مزید کہا کہ سرکاری اداروں اور نجی شعبے کے درمیان قریبی تعاون سے سرمایہ کاری کے نئے اور غیر دریافت شدہ مواقع کی نشاندہی، سرمایہ کاروں کو درپیش مشکلات کا فوری ازالہ اور ملک کی معاشی استعداد کو حقیقی اقتصادی نتائج میں تبدیل کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئی سی سی آئی قومی معیشت کے استحکام، سرمایہ کاری کے فروغ اور پاکستان کو کاروبار و سرمایہ کاری کے لیے ایک پرکشش منزل بنانے والے اقدامات کی حمایت جاری رکھے گا۔وفد میں اسلام آباد انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے صدر اویس خٹک، آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو کمیٹی ممبران اسرار مشوانی، ابرار الحق، زوہیب ارشد ملک اور رانا استخار احمد خان، سابق ایگزیکٹو کمیٹی ممبر میاں وقاص مسعود اور سیکرٹری جنرل غلام مرتضیٰ بھی شامل تھے۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...