ٹوبہ :خصوصی بچوں میں انعامات اور تعریفی اسناد تقسیم
خصوصی بچے معاشرے کا قیمتی حصہ ،انکی صلاحیتوں کو نکھارنے کی ضرورت:ماہم آصف
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر ) ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے اسپیشل ایجوکیشن سکول میں خصوصی بچوں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب کے دوران تعلیم، فنون اور کھیلوں کے مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے خصوصی بچوں میں انعامات اور تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔ مخیر حضرات کی جانب سے خصوصی بچوں کی تعلیمی و تربیتی سرگرمیوں میں معاونت کے لیے ایل ای ڈی، ملٹی میڈیا اور لیپ ٹاپ بھی فراہم کیے گئے ۔ ڈپٹی کمشنر نے خصوصی بچوں کی جانب سے تیار کردہ دستکاری کے سٹال کا معائنہ کیا اور بچوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہا۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل و سوشل سروسز ڈاکٹر طارق عثمان، اسسٹنٹ کمشنر محمد شفیق ڈوگر، فوکل پرسن اسپیشل ایجوکیشن حیدر علی، طلباء، اساتذہ اور والدین بھی موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے کہا کہ خصوصی بچے معاشرے کا قیمتی حصہ ہیں، ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔ خصوصی بچوں کی تعلیم، تربیت اور فنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے خصوصی بچوں کی حوصلہ افزائی اور بہتر تعلیم و تربیت کے لیے اساتذہ، والدین اور مخیر حضرات کی کاوشوں کو بھی سراہا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments