تحصیل جڑانوالہ کی ترقی، روڈ میپ تیار : منصوبے مقررہ مدت میں مکمل ہونگے

تحصیل جڑانوالہ کی ترقی، روڈ میپ تیار : منصوبے مقررہ مدت میں مکمل ہونگے

ڈی پی ایس کو یونیورسٹی کا درجہ ،تحصیل ہسپتال میں مشینری ،ڈاکٹرز کمی کو پورا کیا جائیگا:کمشنر، جڑانوالہ کادورہ ،منصوبوں پر کام تیز کرنے ،گھوڑا ٹرین بحالی کی ہدایت

فیصل آباد،جڑانوالہ(خصوصی رپورٹر، نمائندہ دنیا)کمشنر فیصل آباد ڈویژن ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے تحصیل جڑانوالہ کا تفصیلی دورہ کیا۔وہ جناح پارک میں گئے اور تفریحی سہولیات کا مشاہدہ کیا۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ کو پارک میں معیاری کینٹین بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ پارک کو مزید با سہولت بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے میونسپل کمیٹی آفس میں تحصیل کے تمام سٹیک ہولڈرز سے ملاقات کی۔ارکان اسمبلی بلال بدر چوہدری،خان بہا در ڈوگر کے علاوہ تحصیل امن کمیٹی کے ارکان،مسلم لیگی رہنما،تاجر،بار ایسوسی ایشن،میڈیا اور سول سوسائٹی کے افراد بھی موجود تھے۔کمشنر نے کہا تحصیل جڑانوالہ کو ترقی کے لحاظ سے مثالی بنانے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے پنجاب سٹیز پروگرام،پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری عوامی بہبود کے منصوبوں پر پیشرفت لی اور تعمیراتی کام مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں طبی سہولیات میں وسعت لانے کیلئے اقدامات کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی اور کہا کہ ہسپتال میں درکار طبی مشینری کے ساتھ ڈاکٹرز کی کمی کو بھی پورا کیا جائے گا۔انہوں نے جڑانوالہ میں ڈی پی ایس کی اپ گریڈیشن کی بھی نوید سنائی اور کہا کہ ڈی پی ایس کو یونیورسٹی کا درجہ دلایا جائے گا تاکہ طالبعلموں کو مقامی سطح پر ہائر ایجوکیشن کی سہولت دستیاب ہو۔

کمشنر نے گنگا پور کا بھی دورہ کیااور گنگا پور میں گھوڑا ٹرین کی بحالی کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ کمشنرنے کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت اور تجاویز سے تحصیل جڑانوالہ کی ترقی کیلئے روڈ میپ تیار کیا جارہا ہے ،ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ ٹائم لائنز کے اندر مکمل کرایا جائے گا۔کمشنر نے تحصیل میونسپل کمیٹی کے سبزہ زار میں پودا بھی لگایا جبکہ پنجاب سٹیز پروگرام کے تحت ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی سائٹ کا دورہ کیا اور کہا کہ پراجیکٹ کی تکمیل سے جڑانوالہ میں سیوریج کا مسئلہ مستقل بنیادوں کر حل ہوگا۔

انہوں نے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کا دورہ کیا اور وارڈز میں جاکر زیر علاج مریضوں کی عیادت کی۔انہوں نے مریضوں اور لواحقین سے ادویات ہسپتال سے ملنے کی تصدیق بھی کی۔انہوں نے کہا صحت کے شعبہ میں حکومتی اقدامات کے ثمرات عام مریضوں تک پہنچنے میں کوئی کمی نہیں ہونی چاہیے ۔انہوں نے جڑانوالہ میں بھی پارک اپنائیں پروگرام کے تحت ایک پارک فوری طور پر آڈاپ کرانے کیلئے ٹاسک دیا اور شہری خوبصورتی کیلئے مزید اقدامات اٹھانے کی بھی ہدایت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...