جڑانوالہ ٹی ایچ کیو ہسپتال کی ایمرجنسی کو کشادہ بنانے کا فیصلہ
اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ ضیاء اللہ گوندل نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا دورہ کیا
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا) تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال جڑانوالہ کی ایمرجنسی کو جدید اور کشادہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، جہاں مریضوں کو فوری طبی امداد کی بہتر فراہمی کے لیے 18 سے 20 نئے بیڈز کا اضافہ کیا جائے گا۔اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ ضیاء اللہ گوندل نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا دورہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور ایمرجنسی وارڈ میں رش کے پیش نظر اسے جدید خطوط پر استوار کرنے اور مزید کشادہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔اسسٹنٹ کمشنر ضیاء اللہ گوندل نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ایمرجنسی وارڈ کی توسیع اور دیگر تعمیراتی کام 45 روز کے اندر مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں کو بہتر اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
علاوہ ازیں، اسسٹنٹ کمشنر ضیاء اللہ گوندل نے سٹی آپریشنل منیجر عادل محمود بٹ کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور گلی محلوں میں صفائی کی صورتحال اور ورکرز کی یونیفارم کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کنٹریکٹرز کو صفائی کے معیار میں بہتری لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں کسی بھی جگہ کوڑا کرکٹ نظر نہیں آنا چاہیے ۔انہوں نے گھر گھر سے کوڑا جمع کرنے اور اسے مناسب طریقے سے تلف کرنے کے عمل میں تیزی لانے کی بھی تاکید کی۔ اس موقع پر انہوں نے شہریوں سے ملاقات کی اور ان سے کوڑا اٹھانے کے انتظامات کے بارے میں دریافت کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ شہر میں صاف ستھرا ماحول برقرار رکھنا انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments