ٹریفک چالان مہم عروج پر، شاہراہوإ پر ناکہ بندیوں سے ٹریفک جام معمول بن گیا
شہریوں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ جانے میں بھی شدید مشکلات ، بھاری مالیت کے چالان کیے جا رہے ہیں ،چالان مہم کے ساتھ ٹریفک کو منظم، رواں اور محفوظ بنانے کے لیے بھی مؤثر اقدامات کیے جائیں:شہری
(فیصل آباد) (عبدالباسط سے )ٹریفک پولیس اہلکاروں کی جانب سے نظام ٹریفک کو بہتر اور منظم بناتے ہوئے شہریوں کو محفوظ سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے مناسب اقدامات اٹھانے کی بجائے مبینہ طور پر چالان مہم کو کامیاب بنانے پر تمام تر توجہ مرکوز کر دی گئی ہے ۔ ٹریفک پولیس اہلکاروں نے خود کو مبینہ طور پر ریونیو افسران میں تبدیل کرتے ہوئے شہر بھر کی شاہراہوں پر بیریئرز اور رکاوٹیں کھڑی کرکے ناکہ بندی پوائنٹس قائم کر لیے ہیں، دوسری جانب مین شاہراہوں پر ناکہ بندیوں کے باعث شہر بھر میں ٹریفک کی لمبی قطاریں لگنا معمول بن گیا ہے ، ذرائع کے مطابق فیصل آباد کے سمندری روڈ، ڈی ٹائپ پل، ناولٹی پل، ڈجکوٹ روڈ، کینال روڈ، ستیانہ روڈ، سوساں روڈ، جڑانوالہ روڈ، نڑ والا روڈ، جیل روڈ، جھنگ روڈ اور جھنگ بازار چوک سمیت شہر کی مختلف اہم شاہراہوں اور چوک چوراہوں پر باقاعدہ ناکہ بندی پوائنٹس قائم کر لیے گئے ، صبح سے شام تک گزرنے والی گاڑیوں کو روک کر شہریوں کے بھاری مالیت کے چالان کیے جا رہے ہیں اور سرکاری خزانے میں رقم جمع کروانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ شہریوں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ جانے میں بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔شہریوں نے ٹریفک پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ چالان مہم کو کامیاب بنانے کے ساتھ ساتھ ٹریفک کے نظام کو منظم، رواں اور محفوظ بنانے کے لیے بھی مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments