سموگ،فضائی آلودگی: دھواں چھوڑنے والی 11 ہزار گاڑیوں کے چالان، اکتوبر میں 4286 کیخلاف کارروائی

سموگ،فضائی آلودگی: دھواں چھوڑنے والی 11 ہزار گاڑیوں کے چالان، اکتوبر میں 4286 کیخلاف کارروائی

کارروائیوں کے دوران گاڑیوں کے فٹنس معیار، انجن کی درستگی اور دھویں کے اخراج کی مقررہ حد کا جائزہ ،شہریوں اپنی گاڑیوں کی بروقت ٹیوننگ کروائیں، انجن اور سائلنسر کی حالت درست رکھیں :سٹی ٹریفک پولیس کی اپیل

 فیصل آباد (سٹی رپورٹر) سموگ اور فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے سٹی ٹریفک پولیس فیصل آباد کی جانب سے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ رواں سال کے پہلے دس ماہ کے دوران شہر بھر میں ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والی 11 ہزار گاڑیوں کے چالان کیے گئے ، جبکہ صرف ماہ اکتوبر میں مقررہ حد سے زیادہ دھواں خارج کرنے والی 4 ہزار 286 گاڑیوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔سٹی ٹریفک پولیس کے مطابق گاڑیوں سے خارج ہونے والا دھواں فضائی آلودگی اور سموگ میں اضافے کا اہم سبب بنتا ہے ، جس سے شہریوں کو مختلف مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔

اس صورت حال کے پیش نظر شہر کی اہم شاہراہوں اور مختلف مقامات پر گاڑیوں کی چیکنگ کا عمل جاری ہے ۔ کارروائیوں کے دوران گاڑیوں کے فٹنس معیار، انجن کی درستگی اور دھویں کے اخراج کی مقررہ حد کا جائزہ لیا جا رہا ہے ۔ ایسی گاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے جو ماحولیاتی آلودگی کا باعث بن رہی ہیں۔ٹریفک پولیس کی جانب سے اس مہم کا مقصد سموگ کے اثرات کم کرنے ، فضائی آلودگی پر قابو پانے اور شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا ہے ۔ اس سلسلے میں گاڑیوں کے مالکان اور ڈرائیوروں کو بھی اپنی ذمہ داری کا احساس کرنے کی ضرورت ہے ۔سٹی ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں کی بروقت ٹیوننگ کروائیں، انجن اور سائلنسر کی حالت درست رکھیں اور گاڑیوں کی باقاعدگی سے مرمت کرواتے رہیں۔ شہری ایسی گاڑیاں سڑکوں پر لانے سے گریز کریں جو غیر معمولی مقدار میں دھواں خارج کرتی ہیں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...