چناب اور جہلم کے کناروں پر مہمان پرندوں کا غیر قانونی شکار
محفوظ پناہ گاہوں کی تلاش میں ہزاروں میل دور سے آ نے والوں کو گولیوں کا سامنا
اٹھارہ ہزاری (نمائندہ دنیا )دریائے چناب اور جہلم کے پانیوں میں موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی روس اور سائبیریا سمیت سرد علاقوں سے پاکستان آنے والے مہمان پرندوں مرغابی، مگھ، نٹری، نیل سر، کونج اور سرخاب کا شکار جاری ہے ۔ ہزاروں میل کا سفر طے کرکے پاکستان پہنچنے والے ان خوبصورت مہمان پرندوں کا دریائے چناب اور جہلم کے کناروں پر گولیوں سے استقبال کیا جا رہا ہے ، جس سے ان کی نسل کو شدید خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔واضح رہے کہ روس اور سائبیریا سمیت سرد خطوں میں منفی درجہ حرارت اور شدید سردی کے باعث یہ مہمان پرندے گرم علاقوں کا رخ کرتے ہوئے پاکستان پہنچتے ہیں۔
پنجاب کے دریا ان پرندوں کی عارضی پناہ گاہ اور قیام کا اہم مسکن ہیں، جہاں یہ موسم سرما گزارتے ہیں۔ تاہم افسوسناک امر یہ ہے کہ محفوظ پناہ گاہوں کی تلاش میں آنے والے ان پرندوں کو شکاریوں کی فائرنگ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ مہمان پرندوں کا بے دریغ شکار نہ صرف قدرتی حسن کو متاثر کر رہا ہے بلکہ ماحولیاتی توازن اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے بھی خطرے کی گھنٹی ہے ۔انہوں نے محکمہ وائلڈ لائف اور متعلقہ انتظامیہ کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ دریائے چناب کے کناروں پر غیر قانونی شکار کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں، شکاریوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور ان نایاب مہمان پرندوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments