ناجائز رکشہ سٹینڈز، تجاوزات، ٹریفک جام معمول

ناجائز رکشہ سٹینڈز، تجاوزات، ٹریفک جام معمول

ڈسکہ شہر میں تاجروں نے ملی بھگت سے دکانوں کے آگے پختہ تھڑے تعمیر کر لئے ،بعض نے سامنے والی جگہ کرایہ پر دیدی ،بازاروں سے گزرنا محال ،اصلاح کا مطالبہ

ڈسکہ(نامہ نگار )ڈسکہ کے متعدد علاقوں میں تاجروں نے دکانوں کے آگے پختہ تھڑے تعمیر کر لئے ، بعض مقامات پر انتظامیہ کی مبینہ ملی بھگت سے غیر قانونی رکشہ سٹینڈ زقائم ہوگئے ۔ڈسکہ شہر میں انتظامی غفلت اور عدم توجہی کے باعث تجاوزات کی بھر مار ہوگئی جس سے ٹریفک جام معمول بن گیا اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ مین بازار، سمبڑیال روڈ،معراج چوک ،پسرور روڈ چوک ،کچہری روڈ،کالج روڈ سمیت متعدد علاقوں میں دکانداروں نے دکانوں کے آگے پختہ تھڑے تعمیر کر رکھے ہیں۔ شہریوں کے مطابق بعض مقامات پر انتظامیہ کی مبینہ ملی بھگت سے غیر قانونی رکشہ سٹینڈ زقائم کئے گئے ہیں جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے۔

پنجاب حکومت کی جانب سے تجاوزات کے خلاف کارروائی کی ہدایت کے باوجود صورت حال میں بہتری نہیں آسکی۔ اندرون شہر کے مصروف بازاروں میں دکانداروں نے میونسپل کے عملے کی مبینہ ملی بھگت سے تھڑے تعمیر کر رکھے ہیں۔ بعض تاجروں نے دکانوں کے سامنے کی جگہ دستی ریڑھی بانوں کو کرائے پر دے رکھی ہے جس سے بازاروں میں گزرنے کی جگہ محدود ہو گئی۔ شہریوں نے اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ تجاوزات اور نا جائز رکشہ سٹینڈز کیخلاف بلا امتیاز کارروائی کرے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...