مہنگی بجلی کا روبار کیلئے بڑا مسئلہ ،صنعتکار تجاویز دیں :صوبائی وزیر
نئے بزنس ہب اور زونز قائم کئے جا رہے جہاں سستی گرین انرجی فراہم کی جائیگی
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا ، ڈسٹرکٹ رپورٹر) صوبائی وزیر کھیل، امور نوجوانان و توانائی فیصل ایوب کھوکھر نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور صدر چیمبر خاور حسین سپال کی سربراہی میں بزنس کمیونٹی کے نمائندوں سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب یوتھ گیمز، امور نوجوانان، توانائی کے شعبے میں حکومتی اقدامات، مقامی صنعت کے فروغ اور کاروباری برادری کو درپیش مسائل پر گفتگو کی گئی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب یوتھ گیمز کے ذریعے نوجوانوں کو کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھنے اور اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے بھرپور مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان گیمز میں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ قائم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس سے نوجوانوں کو کھیلوں کی سرگرمیوں میں شامل کرنے اور مثبت سرگرمیوں کے فروغ میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مہنگی بجلی کو کاروباری شعبے کا بڑا مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ توانائی کے شعبے میں صنعت کاروں کی قابل عمل تجاویز کا خیر مقدم کیا جائے گا ،کاروباری برادری تجاویز حکومت کے سامنے پیش کرے تاکہ صنعتوں کو درپیش توانائی کے مسائل کے حل کیلئے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔صوبائی وزیر نے بتایا کہ پنجاب میں نئے بزنس ہب اور بزنس زونز قائم کئے جا رہے ہیں، جہاں صنعتوں کو سستی گرین انرجی فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments