بہترین ماحول کیلئے سی ڈی اے کی شجرکاری،لینڈ سکیپنگ مہم تیز

بہترین ماحول کیلئے سی ڈی اے کی شجرکاری،لینڈ سکیپنگ مہم تیز

اہم شاہراہوں، گرین بیلٹس، پارکس، روڈ میڈیئنز، چوراہوں پر درخت لگائے جائینگے

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) وفاقی دارالحکومت میں گرین کور بڑھانے اور شہری ماحول کو مزید خوبصورت و ماحول دوست بنانے کے لیے سی ڈی اے کی شجرکاری اور لینڈ سکیپنگ مہم تیز کردی گئی ہے ، جس کے تحت شہر کی اہم شاہراہوں، گرین بیلٹس، پارکس، روڈ میڈیئنز، چوراہوں اور دیگر عوامی مقامات پر درخت، پھولدار اور سجاوٹی پودے لگائے جا رہے ہیں۔سی ڈی اے کے انوائرنمنٹ ونگ کی فیلڈ ٹیمیں مختلف مقامات پر شجرکاری کے ساتھ ساتھ موجودہ گرین ایریاز کی بحالی اور دیکھ بھال میں بھی مصروف ہیں۔ مہم کا مقصد اسلام آباد کے سرسبز تشخص کو برقرار رکھنے کے ساتھ شہریوں کو صاف، صحت مند اور بہتر ماحول فراہم کرنا ہے ۔انوائرنمنٹ ونگ کے مطابق خشک یا خراب ہونے والے پودوں اور درختوں کی جگہ نئے پودے لگائے جا رہے ہیں جبکہ خالی اور غیر ترقی یافتہ مقامات پر بھی لینڈ اسکیپنگ کی جارہی ہے ۔نئے لگائے جانے والے درختوں اور پودوں کی بقا اور بہتر نشوونما کے لیے باقاعدگی سے پانی دینے اور بعد از شجرکاری نگہداشت کا انتظام بھی کیا جا رہا ہے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ صرف پودے لگانا کافی نہیں بلکہ ان کی مسلسل حفاظت، دیکھ بھال اور نگہداشت بھی شجرکاری مہم کا اہم حصہ ہے ۔سی ڈی اے کی جانب سے اسلام آباد کی ماحولیاتی ضروریات اور موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے موزوں اور مقامی ماحول سے ہم آہنگ درختوں اور پودوں کی اقسام کے انتخاب پر بھی توجہ دی جارہی ہے تاکہ شہر میں پائیدار گرین کور کو فروغ دیا جاسکے ۔شہر میں پہلے سے موجود گرین اسپیسز کی دیکھ بھال بھی جاری ہے ، جس میں درختوں اور پودوں کی تراش خراش، پانی کی فراہمی، گھاس کی کٹائی، لینڈ اسکیپنگ اور دیگر باغبانی کے کام شامل ہیں۔سی ڈی اے کا کہنا ہے کہ شجرکاری مہم اسلام آباد کو مزید سرسبز، صاف اور ماحولیاتی طور پر پائیدار بنانے کی وسیع تر حکمت عملی کا حصہ ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...