طلبہ میں تخلیقی صلاحیت کیلئے جدید سہولیات ضروری ،وزیر تعلیم
اسلام آباد ماڈل کالج فار بوائز ایف -8/4میں جدید سہولیات سے آراستہ لیبارٹریز کا افتتاح
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول نے اسلام آباد ماڈل کالج فار بوائز ایف 8/4میں جدید سہولیات سے آراستہ نو تزئین شدہ سائنس لیبارٹریز کا افتتاح کر دیا۔ ڈی جی ایف ڈی ای نے بتایا کہ سائنس لیبارٹریز کی تزئین و آرائش کے منصوبے کے پہلے مرحلے کے تحت 22تعلیمی اداروں میں 30جدید لیبارٹریز مکمل کی گئی ہیں، جن میں 15مشترکہ سائنس، 6فزکس، 5کیمسٹری اور 4بائیولوجی لیبارٹریز شامل ہیں۔ ان لیبارٹریز کو جدید سائنسی آلات، طلبہ کیلئے عملی سرگرمیوں پر مبنی ورک سٹیشنز اور بہتر حفاظتی سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبے کے دوسرے مرحلے کا آغاز بھی ہوچکا ہے، جس کے تحت مزید 60سائنس لیبارٹریز کی تزئین و آرائش کی جائے گی، جبکہ دیہی اور طالبات کے اداروں کو خصوصی ترجیح دی جائے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سائنس کی تعلیم صرف نظریاتی علم تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ طلبہ کو مشاہدے ، تجربات اور تحقیق کے مواقع بھی فراہم کیے جانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ جدید لیبارٹریز طلبہ میں تخلیقی صلاحیت، تنقیدی سوچ، تحقیق اور سائنسی فہم کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کریں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments