ایم ڈی کیٹ داخلہ امتحان کے نظام میں فوری اصلاحات کی جائیں ،پی ایم اے
کراچی (این این آئی)پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کی سینٹرل کونسل کا ایک ہنگامی اجلاس ڈاکٹر اظہار احمد چودھری کی صدارت میں پی ایم اے ہاؤس، کراچی میں منعقد ہوا، جس میں تنظیمی امور اور بالخصوص بلوچستان میں شعبہ َصحت کو درپیش بڑھتے ہوئے بحران پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔
سینٹرل کونسل نے متفقہ قرارداد کے ذریعے سرکاری صحت کے اداروں اور ان کے متعلقہ بجٹ کو غیر سرکاری تنظیموں (این جی اوز) اور نجی اداروں کے حوالے کیے جانے کے جاری عمل کی شدید مذمت کی۔ پی ایم اے نے اپنے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ صحت کی سرکاری ذمہ داریوں کو آؤٹ سورس کرنا عوام کو یکساں طبی سہولیات کی فراہمی کو نقصان پہنچاتا ہے اور ریاستی جوابدہی کو ختم کرنے کے مترادف ہے ۔ سینٹرل کونسل نے ایم ڈی کیٹ امتحان کے حوالے سے بھی اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا۔ کونسل نے موجودہ امتحانی نظام میں موجود نمایاں خامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے اس کی شفافیت اور غیر جانبداری پر سنگین سوالات اٹھائے ۔ پی ایم اے نے مطالبہ کیا کہ داخلہ امتحان کے نظام میں فوری اور بنیادی اصلاحات کی جائیں تاکہ تعلیمی معیار کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے ۔