شہر میں ایرانی پٹرول وڈیزل کی فروخت ختم نہ ہوسکی
پولیس کارروائیاں گٹکے ماوے تک محدود،روزانہ 25سے زائد ٹینکر پہنچائے جاتے فی لٹر رشوت وصول کی جاتی ہے ،ذرائع کا دعویٰ،قومی خزانے کو یومیہ کروڑوں کانقصان
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)اورنگی ٹاؤن ،منگھوپیر،سرجانی ٹاؤن،نیوکراچی اوربلدیہ ٹاؤن میں کھلے عام ایرانی پٹرول وڈیزل کی فروخت جاری ہے ۔عدالتی احکامات پر ویسٹ زون پولیس نے گٹکامافیا کے خلاف تو بھر پور کارروائیاں شروع کی ہوئی ہیں تاہم ایرانی ڈیزل وپٹرول فروخت کرنے والی مافیا کو کھلی چھوٹ دیدی،جس کے بعد ویسٹ زون کے تھانہ اورنگی ٹاؤن ،مومن آباد ،اقبال مارکیٹ ،پاکستان بازار،منگھوپیر ،سرجانی ٹاؤن ،نیوکراچی اوربلدیہ ٹاؤن میں کھلے عام ایرانی پٹرول وڈیزل کی فروخت جاری ہے ۔اس ضمن میں پولیس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ویسٹ زون پولیس نے ایرانی ڈیزل وپٹرول فروخت کرنے والوں کو کھلی چھوٹ دی ہوئی ہے ،جس سے قومی خزانے کو یومیہ کروڑوں کانقصان ہورہا ہے ۔واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے سختیوں کے بعد بھی حب سے کچے کے راستے کراچی میں ایرانی پٹرول وڈیزل کی اسمگلنگ جاری ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایرانی پٹرول وڈیزل کے اسمگلنگ میں مبینہ طور پر پولیس ودیگر سرکاری اداروں کے افسران واہلکار ملوث ہیں اور ان سرکاری ملازمین کی ملی بھگت سے روزانہ 25سے زائدایرانی پٹرول وڈیزل کے ٹینکر بلوچستان سے کراچی آتے ہیںاور حب ریورروڈ ،ناردرن بائی پاس کے راستے دیگر مقامات پر پہنچائے جاتے ہیں ۔ذرائع نے مزید دعویٰ کیا کہ سرکاری افسران واہلکارفی لٹر کے حساب سے رشوت وصول کرتے ہیں ۔