ہر ہفتے عوام پر مہنگائی بم گرایا جا رہا ہے ،پی ٹی آئی

 ہر ہفتے عوام پر مہنگائی بم گرایا جا رہا ہے ،پی ٹی آئی

پٹرول مہنگا کرنے سے ہر شعبہ متاثر، حکومت کی نظر عوام کی جیب پر حکومت کی پالیسیاں عوام پر اضافی مالی بوجھ ڈال رہی ہیں، فوزیہ صدیقی

کراچی (آئی این پی)پاکستان تحریکِ انصاف کراچی ڈویژن کی ترجمان فوزیہ صدیقی نے پٹرولیم قیمتوں میں حالیہ اضافے کو عوام دشمن فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان ہے مگر پاکستان میں ہر ہفتے عوام پر مہنگائی کا نیا بم گرایا جا رہا ہے ،عالمی منڈی میں قیمتیں نیچے جا رہی ہیں مگر حکومت کی نظر صرف عوام کی جیب پر ہے ، عوام ریلیف کے منتظر ہیں لیکن حکومت نے ایک بار پھر انہیں مہنگائی کا تحفہ تھما دیا ہے ۔ حکومت کے نزدیک ہر مسئلے کا ایک ہی حل رہ گیا ہے کہ پٹرول مہنگا کر دیا جائے ۔فوزیہ صدیقی نے کہا کہ پٹرول کی قیمت میں اضافہ صرف گاڑی والوں کا مسئلہ نہیں بلکہ اس کے اثرات روزمرہ استعمال کی ہر ضروری چیز پر پڑتے ہیں جس سے مہنگائی کی نئی لہر جنم لیتی ہے ۔ عوام کی آمدن وہیں کھڑی ہے مگر حکومت مہنگائی بڑھانے میں مصروف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکمران عوامی ریلیف کے دعوے تو کرتے ہیں مگر فیصلے ہمیشہ عوام پر مزید بوجھ ڈالنے والے ہوتے ہیں۔ عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہونے کا فائدہ عوام تک پہنچانے کے بجائے حکومت نے خزانہ بھرنے کا آسان راستہ عوام کی جیب کو بنا لیا ہے ، یہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے نہیں بلکہ انہیں مزید معاشی مشکلات میں دھکیلنے پر تلی ہوئی ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ مہنگائی اب حکومتی پالیسی نہیں بلکہ عوام پر مسلط کیا گیا عذاب بن چکی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں