کراچی ایئرپورٹ خودکش حملہ،مالی معاونت کیس میں بینک افسر بلال کو 10 اور سعید کو 7 سال قید بامشقت کی سزا
کراچی (اسٹاف رپورٹر)انسداد دہشتگردی عدالت نے کراچی ایئرپورٹ خودکش حملے کے لیے مالی معاونت میں سہولت کاری کے مقدمے میں نجی بینک کی حب چوکی برانچ کے سابق بزنس ڈیولپمنٹ افسربلال اور سعید علی کو سزا سنادی۔
عدالت نے بلال کو 10 سال قید بامشقت اور 5 لاکھ روپے جرمانہ جبکہ دیگر دفعات کے تحت مزید 3 سال قید، ملزم سعید علی کو 7 سال قید بامشقت اور 3 لاکھ روپے جرمانہ جبکہ دیگر دفعات کے تحت مزید 2 سال قید کی سزا سنائی۔ عدالت نے قرار دیا کہ بلال نے 71 لاکھ روپے کی ڈپازٹ سلپ پر سعید علی کے جعلی دستخط کیے ، خودکش حملہ آور شاہ فہد کی ناکام بائیومیٹرک تصدیق چھپائی اور رقم کی منتقلی میں سہولت کاری کی، جبکہ سعید علی نے اجنبی کی رقم کو اپنی ملکیت ظاہر کرکے اپنی شناخت اور کاروباری ریفرل استعمال کرتے ہوئے رقم کو بینک کے ذریعے منتقل کرانے میں مدد دی۔ عدالت نے قرار دیا کہ رقم سعید علی کے اکاؤنٹ میں جمع یا اس کے اکاؤنٹ سے منتقل نہ ہونے کے باوجود اس کی جانب سے جان بوجھ کر رقم کو بینکنگ نظام سے گزارنے میں مدد دینا جرم ہے ۔ عدالت نے بلال کی ضمانت منسوخ کرکے اسے جیل بھیج دیا جبکہ سعید علی کو بھی جیل حکام کے حوالے کرنے کا حکم دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments