غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر کے الیکٹرک سے تحریری رپورٹ طلب
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ میں صدر کے علاقے میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف وکلا کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
کے الیکٹرک کے وکیل عاصم اقبال ایڈووکیٹ نے عدالت کو لوڈشیڈنگ ختم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وہ کے الیکٹرک کی وکالت کرنے نہیں آئے بلکہ وکلا کے سامنے کان پکڑ لیتے ہیں۔ اس پر وکیل شوکت حیات نے کہا کہ پہلے کے الیکٹرک نے ہمیں کان پکڑوائے ، اب خود کان پکڑ رہے ہیں۔ کے الیکٹرک کے وکیل نے بتایا کہ اسد چیمبر کا کنکشن دوسرے فیڈر پر منتقل کردیا گیا ہے ۔ عدالت نے 13 نومبر کو کے الیکٹرک سے تحریری رپورٹ اور متعلقہ علاقے کا لوڈشیڈنگ شیڈول طلب کرلیا۔ درخواست گزار کے مطابق دوپہر اور شام کے اوقات میں بجلی بند رہنے سے وکلا کے پیشہ ورانہ امور شدید متاثر ہورہے ہیں، کے الیکٹرک کے کوئی واجبات باقی نہیں اس کے باوجود انہیں ذہنی اذیت کا سامنا ہے ۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ کے الیکٹرک انتظامیہ سے رابطوں کے باوجود مسئلہ حل نہیں ہوا جبکہ نیپرا کو بھی صورتحال سے آگاہ کرنے پر داد رسی نہیں ہوسکی۔ درخواست میں کے الیکٹرک کے سی ای او، جنرل منیجر آئی بی سی اور ڈی جی کسٹمر افیئرز نیپرا کو فریق بنایا گیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments