کراچی پورٹ تا قیوم آباد کو ریڈور منصوبہ منظور
وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدار ت اجلاس ،چار رویہ ایکسپریس وے تعمیر ہوگی، منصوبے کی مدت 27.5 سال مقرر، ڈھائی سال میں تعمیر مکمل کرنے کی تجویزمراد علی شاہ نے داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ کی وائس چانسلر ڈاکٹر ثمرین حسین کو آئندہ چار سال کے لیے بھی شیخ الجامعہ تعینات کرنے کی منظوری دے دی
کراچی(این این آئی،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی پورٹ تا قیوم آباد کوریڈور کے اہم منصوبے کی منظوری دے دی۔ منصوبے کے تحت 16.5 کلومیٹر طویل چار رویہ ایکسپریس وے تعمیر کی جائے گی، جس کے ذریعے شاہراہِ بھٹو کو کراچی پورٹ کے ایسٹ وارف سے منسلک کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پالیسی بورڈ کا 53واں اجلاس منعقد ہوا، جس میں منصوبے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کراچی پورٹ تا قیوم آباد کوریڈور پر رسائی کو کنٹرول کیا جائے گا، جبکہ منصوبہ ڈیزائن، فنانس، تعمیر، آپریشن، دیکھ بھال اور منتقلی کی بنیاد پر مکمل ہوگا۔منصوبے کے ٹھیکے کی مجموعی مدت 27.5 سال مقرر کی گئی ہے ، جس میں ڈھائی سال تعمیراتی کام اور 25 سال آپریشن و دیکھ بھال کے لیے مختص ہوں گے۔
منصوبے کی کمپنی میں کلاس اے ایکویٹی کی جگہ انفرا اسٹرکچر رئیل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹ (آر ای آئی ٹی) متعارف کرانے کی تجویز بھی زیر غور آئی۔ اجلاس میں کراچی پورٹ ٹرسٹ کے لائسنس معاہدے اور حتمی این او سی کے اجرا سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے شاہراہِ بھٹو ایکسپریس وے پر ندی کے کناروں کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے کاموں کی بھی منظوری دی۔ ان کاموں میں پانی کے اندر حفاظتی پشتوں کی تعمیر، میمن گوٹھ انٹرچینج نمبر 5 پر اضافی لوپ اور ریمپ کی تعمیر اور اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب شامل ہے ۔ علاوہ ازیں سندھ کی سرکاری جامعات کی کنٹرولنگ اتھارٹی وزیر اعلی سندھ نے داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈٹیکنالوجی کی وائس چانسلر ڈاکٹر ثمرین حسین کو آئندہ چار سال کے لیے بھی وائس چانسلر تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
وزیر اعلی ہاؤس کے ذرائع کے مطابق وزیر اعلی کی منظوری کے بعد اب سیکریٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز ڈاکٹر ثمرین حسین کی مدت ملازمت میں توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کریں گے ۔ادھر مذکورہ ذرائع نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر آصف شیخ کی مدت ملازمت کی سمری بھی وزیر اعلی ہاؤس میں موجود ہے تاہم فی الحال اس سمری کو مسترد یا منظور کرنے کے بجائے وزیر اعلی سندھ نے سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو منگل کی صبح بلاکر ان سے ملاقات کی ہے۔ذرائع کے مطابق یہ ملاقات انتہائی مختصر اور رسمی نوعیت کی تھی جس میں سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر آصف شیخ کو ڈھائی سے تین منٹ کا وقت دیا گیا جس میں انھوں نے اپنی کارکردگی پیش کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments