نہم :اچھے نتائج پر اساتذہ کی تعریف ، ناقص پرکارروائی کافیصلہ
ناقص تعلیمی نتائج پر ذمہ دار اساتذہ کا انفرادی طور پر تعین کیا جائے گا:محکمہ تعلیم
لاہور(خبر نگار)پنجاب حکومت نے نویں جماعت کے امتحانات میں اچھے نتائج دینے والے ہیڈ ٹیچرز، اساتذہ اور طلبہ کی حوصلہ افزائی جبکہ ناقص نتائج دینے والے سکولوں کے ذمہ دار اساتذہ کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کا فیصلہ کر لیا۔محکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق 80 فیصد یا زائد نتائج دینے والے ہیڈ ٹیچرز، اساتذہ اور طلبہ کو خصوصی بیجز اور تعریفی اسناد دی جائیں گی، جبکہ 60 سے 79 فیصد نتائج دینے والے ہیڈ ٹیچرز، اساتذہ اور طلبہ کو کارکردگی کے اعتراف میں سرٹیفکیٹس دیے جائیں گے ۔دوسری جانب نویں جماعت کے امتحانات میں 20 فیصد سے کم نتائج دینے والے سکولوں کے ہیڈ ٹیچرز اور متعلقہ مضامین کے اساتذہ کے خلاف پیڈا ایکٹ 2006 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ محکمہ سکول ایجوکیشن کے مطابق ناقص تعلیمی نتائج پر ذمہ دار اساتذہ کا انفرادی طور پر تعین کیا جائے گا۔ محکمہ سکول ایجوکیشن نے تمام اضلاع کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز ایجوکیشن کو بہترین کارکردگی دکھانے والے اساتذہ اور طلبہ کے اعزاز میں تعریفی تقریبات منعقد کرنے کی ہدایت بھی کی ہے ۔
محکمہ سکول ایجوکیشن کے مطابق پالیسی کا مقصد اچھے نتائج دینے والے اساتذہ کی حوصلہ افزائی اور ناقص کارکردگی پر احتساب کو یقینی بنانا ہے ۔ اساتذہ کی کارکردگی اور طلبہ کے نتائج کی بنیاد پر انفرادی ذمہ داری کا تعین کیا جائے گا۔محکمہ نے ناقص نتائج والے سکولوں میں شروع کی جانے والی محکمانہ کارروائی کی پندرہ روزہ پیش رفت رپورٹ ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشن کو جمع کرانے کا حکم بھی دیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments