پاک فوج کے شہدا مجاہدین اسلام ہیں : سنی اتحاد کونسل
جانیں قربان کرنیوالے قوم کے حقیقی ہیرو اور اثاثہ:علما و مفتیان کا اعلامیہ
لاہور (آن لائن)حکومت نیشنل ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عمل کرے ۔ کالعدم جماعتوں کا پھر سے متحرک ہونا خطرناک ہے ۔بلوچستان میں پاک فوج کے جوانوں کو شہید کرنے کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔پاک فوج کے شہداء مجاہدین اسلام ہیں۔شہداء کی عظمت کا ذکر قرآن پاک میں موجود ہے ۔ ریاست پاکستان کی حفاظت کرتے ہوئے جانیں قربان کرنے والے قوم کے حقیقی ہیرو اور اثاثہ ہیں۔ ریاست کے خلاف مسلح جدوجہد کسی سطح پر جائز نہیں ہے ۔ بلوچستان کے معاملے پر حکومت پارلیمنٹ کو اعتماد میں لے ۔ بھارت کی خطے میں دہشتگردی بڑی جنگ کا اندیشہ پید ا کرسکتی ہے۔
سنی اتحاد کونسل سے وابستہ جید علماء کرام و مشائخ عظام نے مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے مزید کہا کہ دہشتگردوں کو کھلی چھٹی دی گئی ہے اور دہشتگردوں کے خلاف آواز کو دبایا جارہا ہے ۔ صاحبزادہ حامد رضا دہشتگردی کے خلاف سب سے توانا آواز ہیں۔ انکی ناحق قید کو ختم کیا جائے اور انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں ۔ اعلامیہ جاری کرنے والے علماء و مشائخ میں مفتی مقیم خان،مولانا وزیر القادری، علامہ ڈاکٹر آصف علی رضوی، علامہ ارشد جاوید مصطفائی، مولانا امدا د اللہ خان بندیالوی، مفتی آصف عطاری، مفتی رحمت اللہ خان قادری، مفتی ڈاکٹر وسیم بخش سیالوی، مولانا عمران رضوی دیگر شامل تھے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments