سرگودھا ڈویژن میں ریونیو نظام کی کارکردگی پر سوالات

سرگودھا ڈویژن میں ریونیو نظام کی کارکردگی پر سوالات

سرگودھا ڈویژن میں ریونیو نظام کی کارکردگی پر سوالات اجلاسوں کے باوجود سائلین کو مشکلات کا سامنا، زیرِ التوا مقدمات نمٹانے کا مطالبہ

سرگودھا (سٹاف رپورٹر) ریونیو نظام میں شفافیت، میرٹ اور عوام کو بروقت انصاف کی فراہمی کے حکومتی دعووں کے باوجود سرگودھا ڈویژن میں ریونیو امور کی صورتِ حال پر سوالات اٹھنے لگے ہیں حکومت پنجاب کے ریونیو اقدامات، ریونیو کورٹ مینجمنٹ سسٹم، زیرِ التوا مقدمات اور عوامی خدمات کی بہتری کے حوالے سے آئے روز اجلاس منعقد کیے جا رہے ہیں، تاہم ان اجلاسوں میں جاری ہونے والی ہدایات کے عام شہریوں کی زندگی پر عملی اثرات کے حوالے سے مزید توجہ دینے کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے ۔

اعلیٰ افسران کی جانب سے اجلاسوں میں پیش رفت کی رپورٹس اور اطمینان بخش بریفنگز پیش کیے جانے کے باوجود کارکردگی کو زمینی حقائق، زیرِ التوا مقدمات کے درست اعدادوشمار، مقدمات کے فیصلوں میں لگنے والے وقت اور سائلین کی شکایات کی روشنی میں جانچنے کی ضرورت ہے ۔ شہریوں کی ایک بڑی تعداد طویل عرصے سے ریونیو دفاتر کے چکر لگانے اور اپنے مسائل کے حل کے انتظار میں ہے ۔

اس صورتِ حال میں سرکاری اجلاسوں کے دوران کارکردگی کا جائزہ لینے ، مانیٹرنگ کے نظام کو مؤثر بنانے ، شفافیت یقینی بنانے اور زیرِ التوا مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کی ہدایات اپنی جگہ اہم ہیں، تاہم ریونیو دفاتر میں شہریوں کو درپیش مشکلات، مقدمات میں تاخیر، دفتری پیچیدگیوں اور مختلف مراحل پر پیش آنیوالی دشواریوں کا خاتمہ بدستور ایک اہم چیلنج ہے۔ سائلین کا کہنا ہے کہ ضرورت اس امر کی کہ سرگودھا ڈویژن کے تمام اضلاع میں ریونیو دفاتر اور عدالتوں کی کارکردگی کا غیر جانب دارانہ جائزہ لیا جائے ، زیرِ التوا مقدمات کی وجوہات سامنے لائی جائیں اور شہریوں کو درپیش مشکلات کے ازالے کے لیے واضح اہداف مقرر کیے جائیں، تاکہ کارکردگی صرف اجلاسوں کی بریفنگز اور کاغذی رپورٹس تک محدود نہ رہے بلکہ عام شہریوں کو بھی اس کے حقیقی ثمرات حاصل ہو سکیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...