خوشاب میں گندم کی زیادہ سے زیادہ کاشت یقینی بنانے کا حکم
خوشاب میں گندم کی زیادہ سے زیادہ کاشت یقینی بنانے کا حکمکاشتکاروں کو فی ایکڑ 3,500 روپے کا قابل واپسی قرض دینے پر گفتگو
خوشاب (نمائندہ دنیا) ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر کی زیر صدارت کانفرنس ہال میں گندم کی کاشت کے سیزن اور ویٹ کیمپین کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سال 2026-27 کے دوران گندم کی زیادہ سے زیادہ کاشت یقینی بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات، تیاریوں اور متعلقہ محکموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع عبدالماجد خان اور ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر خوشاب چوہدری مزمل نے گندم کی کاشت کے اہداف اور آئندہ بوائی کے سیزن کے حوالے سے جاری تیاریوں پر ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دی۔اجلاس میں اے ڈی سی آر خرم حمید، اسسٹنٹ کمشنر خوشاب امت الاسلام، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر خوشاب، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع عبدالماجد خان اور کسان اتحاد کے صدر ملک عصمت اللہ نے شرکت کی، جبکہ اسسٹنٹ کمشنرز نوشہرہ، نورپور اور قائدآباد ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے ۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جہانزیب حسین لابر نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق رواں سال گندم کی زیادہ سے زیادہ کاشت یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ محکمے مربوط انداز میں اقدامات کریں۔ کاشتکاروں کو گندم کی بروقت بوائی، زرعی مداخل اور دیگر ضروری امور کے حوالے سے بھرپور رہنمائی اور سہولیات فراہم کی جائیں۔ کسانوں میں گندم کی زیادہ کاشت کے حوالے سے آگاہی مہم بھی چلائی جائے ۔کسان اتحاد کے صدر ملک عصمت اللہ نے حکومت پنجاب کی جانب سے گندم کا نرخ 4,500 روپے فی من مقرر کیے جانے پر مسرت کا اظہار کیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع عبدالماجد خان نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں ڈی اے پی کھاد کی مد میں فی ایکڑ 3,500 روپے کا قابل واپسی قرض چھوٹے اور بڑے تمام کاشتکاروں کو یکساں طور پر فراہم کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments