سرگودھا میں خفیہ کیمروں والی سمارٹ عینکوں اور ریکارڈنگ آلات کی خریدوفروخت پر پابندی

سرگودھا میں خفیہ کیمروں والی سمارٹ عینکوں اور ریکارڈنگ آلات کی خریدوفروخت پر پابندی

دفعہ 144 کے تحت حکومتی احکامات پر عملدرآمد شروع، خلاف ورزی پر قانونی کارروائی ہوگی، ڈپٹی کمشنر کی متعلقہ اداروں کو ہدایت،سکیورٹی کے نام پر کسی کی نجی زندگی میں مداخلت کی اجازت نہیں دی جا سکتی: حکام

سرگودھا (سٹاف رپورٹر)محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے سرگودھا میں بھی خفیہ کیمروں والی سمارٹ عینکوں اور روزمرہ استعمال کی اشیا میں چھپے ریکارڈنگ آلات کے استعمال اور خرید و فروخت پر دفعہ 144 کے تحت عائد پابندی پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے ۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کے سربراہان کو رہنما ہدایات جاری کرتے ہوئے ممنوعہ آلات کے استعمال اور خرید و فروخت کی روک تھام کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے ۔حکام کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ لیڈیز بوتیک سمیت تمام دکاندار اپنی دکانوں اور کاروباری مقامات پر سکیورٹی کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر سکتے ہیں، تاہم جہاں حکومتی پابندی لاگو ہوتی ہے ، وہاں خفیہ کیمروں یا روزمرہ استعمال کی اشیا میں چھپے ریکارڈنگ آلات کے استعمال کی اجازت نہیں ہوگی۔

سکیورٹی کے نام پر کسی کی نجی زندگی میں مداخلت یا خفیہ ریکارڈنگ کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسروں کو ہدایت کی کہ حکومتی احکامات کی خلاف ورزی پر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے ۔انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ ممنوعہ خفیہ ریکارڈنگ آلات کی خرید و فروخت اور استعمال سے اجتناب کریں،واضح رہے کہ خفیہ طور پر تصاویر، ویڈیوز یا آواز ریکارڈ کرنے اور منتقل کرنے کی صلاحیت رکھنے والے مخصوص آلات، جن میں سمارٹ عینکیں، پین، کی چین اور روزمرہ استعمال کی دیگر اشیا میں نصب خفیہ کیمرے شامل ہیں، پر 30 روز کے لیے پابندی عائد کی گئی ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...