قتل کی وارداتوں میں 18، ڈکیتیوں 75 فیصد کمی ، ڈی پی او
ضلع خوشاب کو جرائم سے پاک علاقہ بنانے کے لیے مؤثر جدوجہد جاری رہے گی
خوشاب (نمائندہ دنیا)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خوشاب ڈاکٹر عمارہ شیرازی نے کہا ہے کہ پولیس کی مؤثر حکمت عملی اور جرات مندانہ اقدامات کے باعث ضلع خوشاب میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی ہوئی ہے ۔ ان شاء اللہ ضلع خوشاب کو جرائم سے پاک علاقہ بنانے کے لیے مؤثر جدوجہد جاری رہے گی۔ڈی پی او آفس کے کانفرنس ہال میں میڈیا بریفنگ کے دوران انہوں نے بتایا کہ ضلع خوشاب میں جرائم کے خاتمے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کے مثبت اور دیرپا نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ گزشتہ دس ماہ کے دوران قتل کی وارداتوں میں 18 فیصد، اقدام قتل کے واقعات میں 48 فیصد، ڈکیتی کی وارداتوں میں 75 فیصد، راہزنی میں 54 فیصد، نقب زنی میں 18 فیصد، موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں 38 فیصد اور دیگر گاڑیوں کی چوری کے واقعات میں 58 فیصد کمی ہوئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ رواں سال پولیس نے اندھے قتل کے چار اور راہزنی کے 23 مقدمات ٹریس کرکے ملزمان کو قانون کی گرفت میں لیا۔ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کے دوران 46 گینگز گرفتار کیے گئے۔ زیادتی کے مقدمات میں ملوث دو ملزمان کو عدالت سے سزائیں دلوائی گئیں۔ پولیس کی مؤثر پیروی کے باعث ایک ملزم کو سزائے موت جبکہ دوسرے کو عمر قید کی سزا سنائی گئی۔ڈی پی او کے مطابق جرائم پیشہ عناصر سے مجموعی طور پر 8 کروڑ 51 لاکھ روپے مالیت کی ریکوری بھی کی گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments