کسانوں کو گندم کی بہتر قیمت دینے کی خواہش ہے : سلمیٰ بٹ
کینو کی قیمت 3200 روپے فی من مقرر، گرین ٹریکٹر پر اربون کا ریلیف دیا
سرگودھا (سٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر برائے فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن سلمیٰ بٹ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کسانوں کی خوشحالی اور زرعی معیشت کے استحکام کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہیں۔ کسان کارڈ اور گرین ٹریکٹر پروگرام کے ذریعے اربوں روپے کا ریلیف فراہم کیا گیا جبکہ حکومت گندم اور گنے کی بہتر قیمت دے کر کسانوں کو ان کی محنت کا پورا معاوضہ دلانا چاہتی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی خواہش ہے کہ گندم کی کٹائی کے موقع پر کسان کو اس کی فصل کی قیمت گھر کی دہلیز پر ملے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھلوال کے سید زرعی فارم 9 ایم ایل میں چیمبر آف فوڈ اینڈ ایگریکلچر اور پاک ایگرو فرٹیلائزر اینڈ کیمیکلز کے اشتراک سے منعقدہ صوبائی سطح کے ‘‘ویٹ فیوچر فیسٹ پنجاب 2026ء ’’ میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ گندم کی کاشت کے فروغ اور ملکی غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کسانوں کو بھرپور سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ کنو کی قیمت 3200 روپے فی من مقرر کی گئی ہے اور اس پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے ضلعی سطح پر کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے تاکہ کسانوں سے مقررہ نرخوں پر کنو کی خریداری ممکن بنائی جا سکے۔
سلمیٰ بٹ نے مزید کہا کہ زرعی شعبے میں ویلیو ایڈیشن وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ کنو، گندم، آلو اور دیگر زرعی اجناس سے نئی مصنوعات تیار کرکے عالمی منڈیوں تک رسائی حاصل کی جا سکتی ہے ۔ دنیا بھر میں زرعی اجناس سے تیار کردہ مصنوعات ایک بڑی معاشی سرگرمی کا حصہ ہیں، پاکستان کو بھی اس شعبے میں آگے بڑھنا ہوگا۔ حکومت سرمایہ کاروں کو راغب کر رہی ہے تاکہ ویلیو ایڈیشن کے منصوبوں کے ذریعے کسانوں کی آمدن میں اضافہ اور زرعی معیشت کو مضبوط بنایا جا سکے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر چیمبر آف فوڈ اینڈ ایگریکلچر چودھری شوکت علی چدھڑ نے کنو کی قیمت 3200 روپے فی من مقرر کرنے پر حکومت پنجاب اور ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا چوہدری کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ مقررہ قیمت پر عمل درآمد اور کسانوں سے سرکاری نرخوں پر خریداری یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ گندم اور گنے کی فصل کے موقع پر بھی کسانوں کے لیے اعلان کردہ نرخوں پر عمل درآمد ضروری ہے۔
چیمبر آف فوڈ اینڈ ایگریکلچر کسانوں اور حکومت کے درمیان پل کا کردار ادا کرتے ہوئے زرعی شعبے کی ترقی کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔ کسان خوشحال ہوگا تو ملک کا غذائی تحفظ مضبوط اور معیشت مستحکم ہوگی۔تقریب میں پنجاب پاک ایگرو کے ڈائریکٹر سید جواد حیدر کاظمی، مرکزی جنرل سیکرٹری چیمبر آف فوڈ اینڈ ایگریکلچر سید وقار حسین رضوی، اسسٹنٹ کمشنر بھلوال وحید گوندل اور محکمہ زراعت کے افسران سمیت ڈویژن بھر سے تعلق رکھنے والی دیگر شخصیات نے شرکت کی۔فیسٹیول میں کسان کنونشن، نیشنل ویٹ کانفرنس، گندم کی کاشت کے فروغ سے متعلق پروگرام، معیاری بیجوں کے اسٹالز اور کسانوں کی خوشحالی کے حوالے سے مکالمے کا بھی اہتمام کیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments