قطر ی وزیر اعظم کی چینی وزیرخارجہ سے ملاقات

قطر ی وزیر اعظم کی چینی وزیرخارجہ سے ملاقات

امن کی خاطر جامع معاہدے تک پہنچنے کیلئے سفارتی کوششوں کے حامی:شیخ محمد بندوقوں کے ذریعے دباؤ ڈالنا مسئلے کا حل نہیں،مذاکرات درست راستہ:بیجنگ

بیجنگ(مانیٹر نگ ڈیسک)قطر کے وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم الثانی نے بیجنگ میں چین کے وزیرِ خارجہ وانگ یی سے ملاقات کی۔قطری وزارتِ خارجہ کی جانب سے ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں خطے کی حالیہ صورتِ حال  اور کشیدگی میں کمی اور علاقائی امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے جاری سفارتی کوششوں پر بات چیت ہوئی۔ اس موقع پر آبنائے ہرمز میں بین الاقوامی جہازرانی کے تحفظ اور آزادی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔قطری وزیرِ اعظم نے کہا ان کا ملک سمندری آمد و رفت کی آزادی کو یقینی بنانے اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے ایک جامع معاہدے تک پہنچنے کی راہ ہموار کرنے والی سفارتی کوششوں کی مکمل حمایت کرتا ہے ۔ چینی وزیرِ خارجہ وانگ یی نے قطر کے وزیرِ اعظم کو بتایا کہ خلیج میں کشیدگی نے نہ صرف خطے کے ممالک کی سلامتی کو شدید نقصان پہنچایا ہے بلکہ یہ توانائی کی منڈیوں، جہازرانی اور رسد کے سلسلوں کے استحکام کو مسلسل متاثر کر رہی ہے ۔چین کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ سرکاری بیان کے مطابق بیجنگ میں ہونے والی ملاقات کے دوران وانگ یی نے کہا کہ بندوقوں اور توپوں کے ذریعے دباؤ ڈالنا مسئلے کا حل نہیں۔ بات چیت اور مذاکرات ہی درست راستہ ہیں۔وانگ یی نے مزید کہا کہ چین خطے کے مسائل میں ثالثی اور امن کے فروغ کے لیے قطر کی وسیع کوششوں کو سراہتا ہے اور بین الاقوامی اور علاقائی امور پر قطر کے ساتھ رابطے اور ہم آہنگی جاری رکھنے کا خواہاں ہے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...