نیتن یاہو کا اقتدار بچانے کیلئے اتحادی حکومت پراصرار
یروشلم(اے ایف پی)اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے اپوزیشن رہنما گیڈی آئزن کوٹ کو حکومت سازی کا اختیار ملنے کے باوجود اقتدار بچانے کیلئے قومی اتحاد کی حکومت بنانے پر زور دیا ہے۔
نیتن یاہو نے کہا کہ اتحادی حکومت وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے عرب اسرائیلی جماعتوں کو حکومت میں شامل کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ایسی حکومت حماس کے حامیوں پر انحصار کرے گی۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق سابق آرمی چیف گادی آئزن کوٹ کو نئی حکومت تشکیل دینے کے لیے 28 دن کی مہلت مل گئی ہے ،ضرورت پڑنے پر صدر مزید 14 دن کی توسیع بھی دے سکتے ہیں، تاہم پارلیمان میں واضح اکثریت نہ ہونے کے باعث انہیں مشکلات کا سامنا ہے ۔ صدر اسحاق ہرزوگ نے اتوار کو انہیں حکومت سازی کا باضابطہ مینڈیٹ دیا۔ دونوں رہنماؤں نے قومی اتحاد کی حکومت بنانے کی پیشکش کی ہے ، تاہم قیادت اپنے پاس رکھنے پر بضد ہیں۔ 27 اکتوبر کے انتخابات میں آئزن کوٹ کے اپوزیشن اتحاد نے 48 جبکہ نیتن یاہو کے بلاک نے 53 نشستیں حاصل کی تھیں۔عرب جماعتیں 19 نشستوں پر کامیاب ہوئیں، حکومت بنانے کیلئے 61 نشستیں درکار ہیں۔ آئزن کوٹ کو جماعتوں کی مشاورت میں اکثریتی حمایت حاصل ہوئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments