پاکستان کیساتھ تعلقات نئی بلندیوں پرپہنچانے کے خواہاں :چین
بیجنگ(این این آئی )چین نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ روایتی دوستی کو مزید آگے بڑھانے ، خلائی شعبے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو گہرا کرنے اور دونوں ممالک کے تعلقات کو مسلسل نئی بلندیوں تک پہنچانے کا خواہاں ہے ۔۔
یہ بات چین کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان گو جیا کھون نے گزشتہ روز معمول کی پریس کانفرنس کے دوران پاکستانی خلا باز کی چین کے شین زو 24 انسان بردار خلائی مشن میں شرکت کے حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ وسیع و عریض خلا کی کھوج اور بیرونی خلا کا پرامن استعمال پوری انسانیت کا مشترکہ خواب اور پوری انسانیت کی مشترکہ فلاح و بہبود سے متعلق معاملہ ہے ۔ چین ہمیشہ بیرونی خلا کے پرامن استعمال کی حمایت کرتا آیا ہے ، بین الاقوامی خلائی تعاون کو فعال طور پر فروغ دے رہا ہے اور بیرونی خلا کے شعبے میں انسانیت کے ہم نصیب معاشرے کی تشکیل کیلئے کوشاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان ہمہ موسمی تزویراتی تعاون کے شراکت دار ہیں۔ پاکستانی خلا باز کی شین زو 24 خلائی مشن میں شرکت چین کے انسان بردار خلائی پروگرام کی تاریخ میں پہلی مرتبہ چینی اور غیر ملکی خلا بازوں کی مشترکہ خلائی پرواز ہوگی جبکہ چین کے خلائی سٹیشن پر پہلی مرتبہ کسی غیر ملکی خلا باز کی آمد بھی ہوگی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments