نیتن یاہو ایک منٹ بھی عہدے پر رہنے کے اہل نہیں:گادی

نیتن یاہو ایک منٹ بھی عہدے پر رہنے کے اہل نہیں:گادی

اسرائیلی پارلیمان کا افتتاحی اجلاس، صدر کی سیاسی جماعتوں سے مفاہمت کی اپیل حماس کے حملے کی تحقیقات کیلئے کمیشن کی تجویز پیش، عرب رہنما سے تلخ کلامی

یروشلم (اے ایف پی) اسرائیل میں آئندہ حکومت بنانے کی کوشش کرنے والے گادی آئزن کوٹ نے نگراں وزیراعظم نیتن یاہو کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک منٹ بھی عہدے پر رہنے کے اہل نہیں۔ نیتن یاہو نے پارلیمنٹ کے افتتاحی اجلاس سے خطاب میں ایران کے خطرے کے پیش نظر قومی اتحاد کی حکومت بنانے پر زور دیا تھا۔ آئزن کوٹ نے ردعمل میں کہا کہ انہوں نے سبکدوش ہونے والے وزیراعظم کی غیر حقیقی، نفرت انگیز، تقسیم کرنے والی اور شرمناک تقریر سنی، جس کے بعد ان کا یقین مزید پختہ ہوگیا کہ نیتن یاہو کو عہدے پر نہیں رہنا چاہیے ۔گادی آئزن کوٹ کی جماعت یاشر نے پارلیمان میں 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے حملے کو روکنے میں ناکامیوں کی تحقیقات کیلئے فوری کمیشن قائم کرنے کی تجویز بھی پیش کی۔ نئی  پارلیمنٹ میں نیتن یاہو کی متنازع عدالتی اصلاحات کو بڑے پیمانے پر منسوخ کرنے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے ۔نیتن یاہو نے خطاب میں خبردار کیا کہ مستقبل قریب میں اسرائیل کو عالمی دباؤ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے کہ وہ جوہری ہتھیاروں سے لیس ایران اور اس کے موجودہ نظام کو قبول کرے ، جو اسرائیل کو تباہ کرنا چاہتا ہے ۔ انہوں نے گزشتہ ہفتے امریکی انتخابات کے بعد عالمی صورتحال میں تبدیلی کا بھی اعتراف کیا۔اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ نے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں پر نئی حکومت کی تشکیل کیلئے اختلافات بھلا کر مفاہمت اختیار کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے 120 رکنی پارلیمنٹ کے ارکان سے کہا کہ وہ ایک دوسرے کی بات سنیں اور قومی مفاد کو ترجیح دیں۔دوسری جانب نئی پارلیمنٹ کی حلف برداری کے دوران انتہائی دائیں بازو کے رہنما ایتمار بن گویر کی عرب اسرائیلی رہنما یوسف جبارین سے تلخ کلامی ہوگئی۔ بن گویر نے جبارین سے چیخ کر پوچھا کہ وہ کس کے ساتھ وفاداری کا حلف اٹھا رہے ہیں، حماس کے ساتھ؟ بعدازاں انہوں نے سوشل میڈیا پر کہا کہ جو اسرائیل کا وفادار نہیں، اسے کنیسٹ میں نہیں ہونا چاہیے ۔ ادھر مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج نے فائرنگ کرکے 14 سالہ فلسطینی لڑکے معتز ایاد دغلس کو شہید کر دیا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...