امریکا : مواصلاتی خرابی، فضائی آپریشن متاثر ، 16 ہزار پروازیں منسوخ : سائبر حملے شواہد نہیں: وزیر داخلہ
نائن الیون کے بعد پہلی بار ملک میں پروازیں بند، ہزاروںمسافر پھنس گئے ، پرانے آلات سے خرابی ہوئی:امریکی وزیر ٹرانسپورٹ رات گئے پروازیں بحال ، مسافروں کی بکنگ میں تاخیر کا خدشہ ہے :برطانیہ،امریکا جا نیوالی تمام پروازیں روک دیں:آسٹریلیا
واشنگٹن،لندن،سڈنی (اے ایف پی، مانیٹرنگ ڈیسک)امریکا میں مواصلاتی نظام کی خرابی کے باعث فضائی سفر کا بحران شدت اختیار کرگیا، دو روز میں 16 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئیں ہیں،نائن الیون کے بعد پہلی بار ملک میں پروازیں بند، ہزاروں مسافر پھنس گئے ،امریکی وفاقی ادارہ برائے ہوا بازی (ایف اے اے ) کے سربراہ برائن بیڈفورڈ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ جمعہ کو 12 ہزار پروازیں منسوخ ہوئیں جبکہ ہفتے کو شیڈول 41 ہزار پروازوں میں سے مزید 4 سے 5 ہزار منسوخ ہونے کا امکان ہے ۔ ان کے مطابق مواصلاتی نظام میں خرابی کے باعث فضائی آپریشن متاثر ہوا ہے اور پروازوں کی منسوخی کا سلسلہ جاری رہنے کا خدشہ ہے ۔ کئی گھنٹوں کی بندش کے بعد رات گئے ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر پروازوں کی آمدورفت بحال کر دی ہے۔
امریکی وزیر ٹرانسپورٹ شان ڈفی کے مطابق فضائی ٹریفک کنٹرول نظام کے پرانے آلات اور روٹرز پر ڈیٹا کا دباؤ بڑھنے سے خرابی پیدا ہوئی۔ حکام نے سائبر حملے اور مائیکروسافٹ کی عالمی سروسز میں تعطل سے کسی تعلق کی تردید کی ہے ۔امریکی وزیر داخلہ مارک وین مولن نے کہا کہ سائبر حملے کے شواہد نہیں ملے ، تاہم سکیورٹی اداروں کی تحقیقات جاری ہیں۔ حکام کے مطابق پروازوں کا معمول بحال ہونے میں وقت لگے گا۔ امریکی وزیر ٹرانسپورٹیشن شان ڈفی نے ملک بھر میں کئی گھنٹے فضائی آپریشن معطل رہنے کے بعد شہریوں کو یقین دلایا ہے کہ فضائی سفر اب بھی محفوظ ہے ، انہوں نے ایکس پر کہا کہ ایئرلائنز طیاروں اور عملے کو دوبارہ مختلف مقامات پر تعینات کر رہی ہیں،امریکی حکام کے مطابق دہائیوں پرانے سوئچز، روٹرز اور تانبے کی تاروں پر مشتمل نظام ڈیٹا کا دباؤ برداشت نہ کرسکا۔
وزیر ٹرانسپورٹ شان ڈفی نے فضائی ٹریفک کنٹرول نظام کی جدید کاری کیلئے کانگریس سے 30ارب10کروڑ ڈالر مانگے ہیں،شان ڈفی نے خبردار کیا کہ پروازوں کی معطلی کے اثرات فوری طور پر ختم نہیں ہوں گے اور نظام میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں کے باعث مسائل آئندہ چند روز تک برقرار رہ سکتے ہیں،برطانیہ کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ امریکا جانے اور وہاں سے آنے والی پروازیں دوبارہ شروع ہونے کے باوجود متاثرہ مسافروں کی دوبارہ بکنگ اور فضائی آپریشنز کی مکمل بحالی کے باعث کچھ مزید خلل اور تاخیر کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔سول ایوی ایشن نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ امریکا اور برطانیہ کے درمیان سفر کرنے سے قبل اپنی ایئرلائن سے تازہ ترین معلومات ضرور حاصل کریں۔آسٹریلیا کے سب سے بڑے بین الاقوامی ہوائی اڈے سڈنی ایئرپورٹ نے کہا ہے کہ امریکا جانے والی تمام پروازیں فی الحال روک دی گئی ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments