کوپ 31، ترقی پذیر ممالک کا مقدمہ
ترکیہ کے شہر انطالیہ میں منعقدہ اقوام متحدہ کی ماحولیاتی کانفرنس کوپ 31کے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی برادری کے سامنے ترقی پذیر ممالک کا مقدمہ دوٹوک اور مدلل انداز میں پیش کیا۔ وزیراعظم نے اس موقع پر پاکستان کے پائیدار ماحولیاتی اقدامات کا بھی ذکر کیا کہ رواں سال پاکستان میں فروخت ہونے والی ہر دسویں موٹر سائیکل الیکٹرک تھی جبکہ پاکستان 22گیگاواٹ کی سولر انسٹالیشن کر چکا ہے‘ جو کلین انرجی کی جانب کی ایک بڑی پیش رفت ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کو 2035ء تک کاربن کی سطح نیچے لانے کیلئے 138ارب ڈالر کی سرمایہ کاری درکار ہے جبکہ کوئلے کے پلانٹس کو سولر سے بدلنے کے مزید 50ارب ڈالر چاہئیں۔ ایک ایسا ملک جو پہلے ہی عالمی قرضوں اور معاشی مسائل سے نبرد آزما ہے‘ اس کیلئے تنہا یہ سرمایہ کاری ممکن نہیں۔ اس کیلئے دنیا کو ماحولیاتی فنڈنگ کے نظام کو شفاف اور تیز رفتار بنانا ہو گا۔ یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ دنیا کے امیر اور صنعتی ترقی یافتہ ممالک نے اپنی معاشی خوشحالی کیلئے صدیوں تک فضا میں زہریلی گیسوں کا اخراج کیا اور آج جب اس بے لگام ترقی کے نتیجے میں کرۂ ارض کا درجہ حرارت خطرناک حد تک بڑھ چکا ہے تو اسکی سب سے بڑی قیمت پاکستان جیسے ممالک ادا کر رہے ہیں۔

پاکستان‘ جس کا عالمی کاربن اخراج میں حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے‘ اسکے باوجود اسکا شمار اُن دس ممالک میں ہوتا ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں کی تباہ کاریوں سے سب سے زیادہ متاثرہ ہیں۔ ہمالیہ اور قراقرم کے برفیلے پہاڑ اور گلیشیرز‘ جو پاکستان کے دریاؤں اور زراعت کیلئے شہ رگ کی حیثیت رکھتے ہیں‘ بڑھتی ہوئی حدت کے باعث تیزی سے پگھل رہے ہیں۔ اسکا نتیجہ کبھی تباہ کن سیلابوں کی صورت میں نکلتا ہے اور کبھی پانی کی شدید قلت کی شکل میں سامنے آتا ہے۔ وزیراعظم کا یہ کہنا بجا ہے کہ انطالیہ کانفرنس کا ایجنڈا اسی وقت پورا ہو سکتا ہے جب کلین اور گرین ٹیکنالوجی کو پوری دنیا کیلئے افورڈ ایبل بنایا جائے اور ترقی یافتہ ممالک اپنی ذمہ داری اٹھانے کیلئے بھرپور عزم کا اظہار کریں۔ اگر ماحولیاتی سفارتکاری کی تاریخ پر نظر دوڑائی جائے تو یہ حقیقت سامنے آتی ہے کہ اگرچہ ترقی یافتہ ممالک کی جانب سے وعدوں اور اعلانات کی کمی نہیں رہی لیکن جب عملی اقدامات کی باری آتی ہے تو وہ ممالک پیچھے ہٹتے دکھائی دیتے ہیں۔ کوپ 21میں عالمی درجہ حرارت میں اضافے کو محدود کرنے اور ترقی پذیر ممالک کی مالی و تکنیکی معاونت کیلئے سالانہ 100ارب ڈالر اور کوپ 29میں اسکی حد 300ارب ڈالر کرنے کے جو وعدے کیے گئے تھے‘ ان پرمؤثر عملدرآمد نہیں ہو سکا۔ متاثرہ ممالک تک ان وسائل کی منتقلی کا عمل سست روی اور پیچیدہ شرائط کا شکار رہا۔
اسکے علاوہ جو مالی امداد فراہم کی جاتی ہے‘ اسکا بڑا حصہ بھی گرانٹس کے بجائے قرضوں کی صورت میں ہوتا ہے‘ جو پہلے سے معاشی مشکلات اور قرضوں کے بوجھ تلے دبے ترقی پذیر ممالک کے مسائل میں مزید اضافے کا باعث بنتا ہے۔ دنیا کو یہ سمجھنا چاہیے کہ موسمیاتی تبدیلیاں کسی ایک ملک یا خطے کا مسئلہ نہیں ہیں۔ یورپ میں شدید گرمی اور خشک سالی کے بڑھتے واقعات ہوں یا مشرقی گلوب میں ایل نینو اور لانینا جیسے متضاد موسمیاتی مظاہر‘ ہر گزرتا دن موسمیاتی آفات کی شدت کو مزید واضح کرتا جا رہا ہے اور دنیا کی سیاسی قیادت سے اس بات کا متقاضی ہے کہ کوپ جیسے عالمی اجلاسوں میں کیے جانیوالے فیصلوں پر فوری عملدرآمد کیا جائے۔ ترقی یافتہ ممالک کو اپنی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے نہ صرف اپنے کاربن اخراج میں فوری اور نمایاں کمی لانی چاہیے بلکہ ماحولیاتی فنڈنگ کے نظام کو بھی شفاف‘ منصفانہ اور تیز رفتار بنانا ہوگا تاکہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نبرد آزما ممالک کو بروقت مدد مل سکے۔ موسمیاتی تبدیلیاں پوری دنیا کو لاحق ایک سنگین چیلنج ہیں اور ان سے مشترکہ جدوجہد ہی سے نمٹا جا سکتا ہے۔