اسلام آباد، کیش لیس ماڈل
حکومت کی جانب سے اسلام آباد کو ملک کا پہلا کیش لیس شہر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 30 نومبر کے بعد کیپٹل ٹیریٹری انتظامیہ اور سی ڈی اے کے کسی بھی محکمے میں نقد ادائیگی قبول نہیں کی جائے گی جبکہ 31 دسمبر تک وفاقی دارالحکومت کے تمام تاجروں کو ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام سے منسلک کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ بلاشبہ یہ ایک خوش آئند اور دوررس اقدام ہے۔ جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کیلئے نقد لین دین کے بجائے ڈیجیٹل ادائیگیوں کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ کیش لیس نظام سے ڈیجیٹل اکانومی کی راہ ہموار ہوگی اور ٹیکس چوری جیسے مسائل کا بھی خاتمہ ہو گا۔ نیز لین دین کا یہ طریقہ انتہائی محفوظ اور شفاف ہے‘ بلکہ یہ معیشت کو دستاویزی شکل دینے کا بھی ایک آسان اور مؤثر حل ہے۔

اس ماڈل کو بتدریج ملک کے دیگر بڑے شہروں تک بھی وسعت دینی چاہیے‘ تاہم اس سے قبل اسلام آباد میں اس منصوبے کے عملی اثرات اور مضمرات کا بغور جائزہ لینا ازبس ضروری ہے۔ اس راہ میں حائل رکاوٹوں‘ بالخصوص انٹرنیٹ کی بلاتعطل فراہمی‘ ڈیجیٹل خواندگی‘ پوائنٹ آف سیل مشینوں کی دستیابی اور ٹرانزیکشن فیس جیسے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جانا چاہیے۔ اگر حکومت تاجروں اور شہریوں کو اعتماد میں لے کر بنیادی ڈھانچہ مضبوط بنائے تو یہ پورے ملک کیلئے ایک کامیاب ماڈل بن سکتا ہے۔