مہنگائی میں کمی مگر…
وفاقی ادارۂ شماریات کی حالیہ رپورٹ کے مطابق ملک میں ہفتہ وار بنیادوں پر 19 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئی ہیں جبکہ 9 اشیا سستی ہوئی ہیں اور 23 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں۔ مہنگی ہونے والی اشیا میں ٹماٹر‘ انڈے‘ آلو‘ لہسن‘ چکن‘ آٹا‘ دال مسور‘ بیف اور ایل پی جی شامل ہیں۔ ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.46 فیصد کی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ سالانہ بنیادوں پر افراطِ زر کی شرح 11.21 فیصد رہی۔ دیکھا جائے تو ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں معمولی کمی کی وجہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آنے والی کمی ہے۔ ایک ہفتے میں پٹرول سات فیصد اور ڈیزل چھ فیصد سے زائد سستا ہوا۔ مگر دوسری جانب اس کمی کے اثرات عوام تک منتقل ہوتے دکھائی نہیں دے رہے۔

روزمرہ استعمال کی بنیادی اشیا اب بھی مہنگی ہو رہی ہیں۔ ہمارے ہاں یہ منفی روایت بن چکی ہے کہ جب عالمی منڈی میں پٹرول‘ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے تو فوری طور پر اشیائے خورو نوش کی قیمتوں اور کرایوں میں اضافہ کر دیا جاتا ہے مگر جب پٹرولیم مصنوعات سستی ہوتی ہیں تو قیمتیں نیچے آنے کا نام نہیں لیتیں۔ اب یہ حکومت کیلئے ایک امتحان ہے کہ پٹرولیم کی قیمتوں میں کمی کا ریلیف عام صارفین تک بھی منتقل کرائے۔ ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو اس ضمن میں متحرک کردار ادا کرنا چاہیے۔ جب تک ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت کارروائی اور مارکیٹ کی مؤثر مانیٹرنگ نہیں کی جائے گی‘ مہنگائی کی شرح میں کمی کا ریلیف عوام تک نہیں پہنچ سکے گا۔