اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

گیس کی پیداوار میں کمی

ایک خبر کے مطابق پچھلے دس برس کے دوران ملک میں گیس کی مقامی پیداوار میں 50فیصد سے زائد کمی آچکی ہے۔ صرف گزشتہ ایک سال کے دوران سوئی سدرن گیس کمپنی کو دستیاب گیس 695ملین مکعب فٹ یومیہ سے کم ہو کر 605ملین  مکعب فٹ رہ گئی ہے۔ گیس کی مقامی پیداوار میں قلت کا سب سے زیادہ بوجھ گھریلو صارفین کو اٹھانا پڑ رہا ہے۔ گھریلو صارفین کو یومیہ صرف آٹھ گھنٹے گیس فراہم کی جاتی ہے۔ ان اوقات میں بھی اکثر کم پریشر کے باعث چولہے نہیں جلتے اور شہری مہنگی ایل پی جی یا دیگر متبادل ایندھن استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔ مقامی ذخائر میں کمی کی بنیادی وجہ پرانے گیس فیلڈز کا قدرتی طور پر زوال پذیر ہونا اور ان کے متبادل نئے بڑے ذخائر کی بروقت تلاش و ترقی نہ ہونا ہے۔

بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں سکیورٹی مسائل‘ پالیسیوں میں عدم تسلسل‘ سرمایہ کاری کیلئے غیر یقینی ماحول‘ غیر ملکی کمپنیوں کی عدم دلچسپی نے تلاش و پیداوار کے شعبے کو متاثر کیا ہے۔ حکومت کو گیس کی پیداوار میں اضافے کیلئے تیل و گیس تلاش کرنے والی مقامی اور غیر ملکی کمپنیوں کیلئے مستقل اور سرمایہ کار دوست پالیسیاں بنانے کے ساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے پرانے ذخائر سے زیادہ گیس حاصل کرنے کی طرف بھی توجہ دینا ہو گی۔ نئے ذخائر کی تلاش کیساتھ ساتھ دستیاب وسائل کا مؤثر استعمال بھی ناگزیر ہے۔ اس لیے گیس کی ترسیل میں ہونیوالے نقصانات‘ چوری کی روک تھام‘ پائپ لائنوں کی بہتری اور توانائی کے مؤثر استعمال کو قومی ترجیحات میں شامل کرنا ہو گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں