نوازشریف پیشی:کارکن غلط گاڑی پرپھول برساتے رہے

نوازشریف پیشی:کارکن غلط گاڑی پرپھول برساتے رہے

سکیورٹی گاڑیاں بکتربندکے آس پاس تھیں لیکن اس میں کسی اورشخص کوبٹھایاگیاتھا مریم اورنگزیب گاڑی کے آگے کھڑی ہوگئی،کئی خواتین رہنما خاردارتاروں پرگرگئیں کارکن بکتربندکے اردگردجمع ہوئے تودوسری گاڑی سابق وزیراعظم کولیکراندرچلی گئی

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر،اپنے رپورٹرسے) احتساب عدالت میں جیل سے دوسری پیشی کے موقع پرانتظامیہ اورسکیورٹی ادارے لیگی کارکنوں کوچکمہ دینے میں کامیاب رہے ، نواز شریف کو بکتر بند گاڑی کی بجائے لینڈکروزو میں لایا گیا لیکن سکیورٹی کی وجہ سے بکتر بند گاڑی کو بھی ایک مکمل سکیورٹی میں احتساب عدالت کے عقبی دروازے سے لایا گیا، کارکن اس بکتر بند گاڑی پر پھول برساتے اور نعرے لگاتے رہے لیکن اس بکتر بند گاڑی میں سابق وزیر اعظم نواز شریف نہیں بلکہ ان سے مشابہت رکھنے والا کوئی اورشخص شلوار قمیض میں بٹھایا گیا تھا اسی دوران سابق وزیر اعظم نواز شریف کو مرکزی گیٹ سے دوسری گاڑی میں احتساب عدالت پہنچا دیا گیا، بدھ کے روزجب سابق وزیراعظم کواحتساب عدالت لایاگیا تووہی جیل سکواڈ، سخت سکیورٹی، ہارن بجاتی، لائٹیں گھماتی گاڑیاں بکتر بند گاڑی کے آس پاس تھیں،لیگی کارکنان خصوصاً مریم اورنگزیب بکتر بند گاڑی کے سامنے ڈٹ کر کھڑی ہوئیں، اپنے قائد کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے کئی خواتین رہنما خاردار تاروں پربھی گر پڑیں اور بکتر بند گاڑی پر پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کیں،ایک کارکن بکتربندگاڑی کے اوپرچڑھ گیا،تاہم کارکنان کو علم ہی نہ ہوسکاکہ جس بکتر بند گاڑی پروہ پھول برسا رہے ہیں اور اسے گھیرے میں لے کر نعرے لگارہے ہیں اس میں ان قائدنہیں بلکہ کوئی اورہے ، احتساب عدالت کے عقبی دروازے پر یہ سلسلہ جاری تھا اور اچانک مرکزی گیٹ سے دو لینڈ کروزر اور ایک سکیورٹی کار نواز شریف کو لے کر احتساب عدالت پہنچ گئیں، دونوں گاڑیوں کے شیشے بھی کالے تھے ، اس کے بعد عقبی دروازے پر کھڑے دو درجن سے زائد لیگی رہنما مرکزی گیٹ پر آ گئے لیکن اندر جانے میں کامیاب نہ ہو سکے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں