کراچی میں رواں سال عید سیزن کاروباری اعتبار سے بدترین ثابت

کراچی میں رواں سال عید سیزن کاروباری اعتبار سے بدترین ثابت

شدید مہنگائی، معاشی غیر یقینی صورتحال کے باعث روایتی خریداری ماند پڑگئی، تاجر خریدا مال 70 فیصد فروخت نہ ہوسکا، مجموعی بزنس 10 ارب بھی نہ رہا، عتیق میر

کراچی(رپورٹ :محمد حمزہ گیلانی)ملک کے سب سے بڑے تجارتی مرکز کراچی میں رواں سال عید سیزن کاروباری اعتبار سے بدترین ثابت ہوا ہے ۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ شدید مہنگائی، قوتِ خرید میں کمی اور معاشی غیر یقینی صورتحال کے باعث عید کی روایتی خریداری تقریباً ماند پڑگئی، جس کے نتیجے میں مارکیٹوں میں کاروبار بری طرح متاثر ہوا اور تاجربرادری کا تقریباً 70 فیصد خریدا ہوا مال فروخت نہ ہوسکا۔صدر آل کراچی تاجر اتحاد عتیق میر نے دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو میں انکشاف کیا کہ ملکی تاریخ میں ایسا کمزور اور بدترین عید سیزن پہلے کبھی نہیں دیکھا گیاان کے مطابق گزشتہ برس عید سیزن کے دوران تاجروں نے تقریباً 15 ارب روپے کا کاروبار کیا تھا، تاہم رواں سال مجموعی بزنس 10 ارب روپے تک بھی نہیں پہنچ سکا اور منافع سنگل ڈیجیٹ میں سکڑ کر رہ گیا ہے یعنی لگ بھگ شہر بھر میں عید سیزن کا ٹرن اوور 9 سے 10 ارب روپے کے درمیان ریکارڈ کیا گیا ہے عتیق میر کا کہنا تھا۔

کہ عید کے لیے تاجروں نے بڑے پیمانے پر مال خریدا تھامگر فروخت نہ ہونے کے باعث اب 70 فیصد سے زائد سامان دکانوں اور گوداموں میں پڑا ہے اس صورتحال نے تاجربرادری کو شدید مالی دباؤ میں مبتلا کردیا اور کئی تاجر اس فکر میں ہیں کہ سپلائرز کو بروقت ادائیگیاں کیسے کریں۔انہوں نے بتایا کہ عید سیزن کے کاروبار میں گزشتہ ایک دہائی سے مسلسل کمی دیکھنے میں آرہی ہے ان کے مطابق 2015 میں عید سیزن کا کاروبار ریکارڈ 70 ارب روپے تک پہنچ گیا تھا، تاہم اس کے بعد یہ گراف مسلسل نیچے آتا گیا۔ 2016 میں 65 ارب، 2017 میں 60 ارب اور 2018 میں 50 ارب روپے کا کاروبار ہوا دوسری جانب اعدادوشمار بتاتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ 2019 میں 45 ارب اور 2020 میں 40 ارب روپے کا ٹرن اوور ریکارڈ کیا گیاجبکہ معاشی دباؤ اور مہنگائی میں اضافے کے باعث 2021 میں 30 ارب، 2022 میں 23 ارب اور 2023 میں 20 ارب روپے تک محدود ہوگیا۔ دوسری جانب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشرباء اضافہ بھی شہریوں کو عید خریداری سے ہٹا کر اجناس کو ذخیرہ کرنے پر مجبور کرگیا ہے جو انتہائی تشویشناک امر ہے ، عتیق میر نے بتایا کہ عید سیزن میں ملبوسات ، جوتے ، فرنیچر ، کاسمیٹکس ، کھلونے ، پرفیوم ، تزئین و آرائش کا سامان سمیت تمام تجارتی شعبے اس وقت شدید دباؤ کا شکار ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں