وزیرخزانہ سے ورلڈ بینک کے وفد ملاقات،معاشی اصلاحات پر تعاون کا اعادہ
نجی شعبے کی قیادت میں ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور معاشی مواقع میں توسیع پر اتفاق کیا گیا اصلاحات پر مؤثر عملدرآمد، سرمایہ کاری، روزگار اور کاروباری ماحول میں بہتری لانے پر زور
اسلام آباد (دنیا نیوز)وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب سے ورلڈ بینک کے وفد نے ملاقات کی جس میں معاشی اصلاحاتی شراکت داری کے تحت مسلسل تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ نجی شعبے کی قیادت میں ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور معاشی مواقع میں توسیع پر بھی اتفاق کیا گیا۔اس موقع پر ترقی، روزگار، مالیاتی انتظام، ریونیو موبلائزیشن، تجارت، سرمایہ کاری اور کیپٹل مارکیٹس سمیت مختلف شعبوں میں اصلاحات پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ محمد اورنگزیب نے معاشی اصلاحات کو ہدفی اور قابلِ عمل اقدامات میں تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اصلاحات کے ڈیزائن سے مؤثر عملدرآمد کی جانب منتقل ہونا ضروری ہے تاکہ معاشی سرگرمی، سرمایہ کاری، روزگار اور کاروباری ماحول میں قابلِ پیمائش بہتری لائی جا سکے ۔
ملاقات میں ورلڈ بینک کے مجوزہ گروتھ اینڈ جابز آپریشن، سرمایہ کاری کے ماحول، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کیلئے فنانس تک رسائی اور ایکسپورٹ فنانس کے فروغ پر گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم کے ایکسس ٹو فنانس اقدام، متحدہ انسالوینسی فریم ورک، فیکٹرنگ قانون سازی اور کمرشل فنانسنگ میں توسیع پر بھی غور کیا گیا۔نیشنل ٹیرف پالیسی، ٹیکس پالیسی، جی ایس ٹی ہارمونائزیشن، زرعی آمدنی ٹیکس اور صوبائی پراپرٹی ٹیکس اصلاحات کا جائزہ لیا گیا۔ زراعت، فارماسیوٹیکلز، طبی مصنوعات، سکلز ڈویلپمنٹ اور پاکستانی ہنرمندوں کی عالمی سطح پر پذیرائی سے متعلق اصلاحات بھی زیر بحث آئیں۔ملاقات میں پبلک سیکٹر کی کارکردگی، حکومت کے رائٹ سائزنگ ایجنڈے ، قرضوں کے انتظام اور ملکی بانڈ مارکیٹ کو مضبوط بنانے پر بھی بات ہوئی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ مالیاتی و قرضوں کا پائیدار انتظام، مضبوط بیرونی مالیاتی بفرز، پائیدار اقتصادی ترقی اور ساختی اصلاحات ساورن کریڈٹ پروفائل بہتر بنانے کیلئے اہم ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments