پٹرولیم قیمتوں میں بتدریج کمی کی جارہی : وزیر اعظم

پٹرولیم قیمتوں میں بتدریج کمی کی جارہی : وزیر اعظم

مہنگائی سے نجات کیلئے اقدامات کرتے رہیں گے ،ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد شہباز شریف کا 10 نومبر سے ترکیہ کا 3روزہ دورہ ،کوپ کانفرنس میں شرکت کرینگے

لاہور(نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بتدریج کمی کی جارہی ہے۔ ماڈل ٹاؤن لاہور میں وزیراعظم سے پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ احمد حسان نے ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔لیگی رہنما نے کہا کہ پٹرولیم سبسڈی کی مد میں عام عوام کو بلاتفریق ریلیف احسن اقدام ہے جس سے براہ راست کروڑوں لوگ مستفید ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح کی مد میں اربوں روپے کی ادائیگی کی گئی ہے اس مثبت اقدام کو عوام الناس سراہ رہے ہیں۔

خواجہ احمد حسان نے کہا کہ عالمی سطح پر جنگی تنازعات کے سفارتی حل میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کوششوں کو بہت پزیرائی ملی ہے۔اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے لیے ان شاء اللہ ریلیف کے اقدامات کرتے رہیں گے ۔ انہوں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات میں بتدریج کمی کی جارہی ہے ۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر جنگی حالات سے ساری دنیا کی معیشتوں میں اتار چڑھاؤ کی وجہ قیمتوں میں عدم استحکام ہوا ہے، مستقل امن ہوتے ہی صورت حال بہتر ہوجائے گی۔

دریں اثنا ہندوؤں کے مذہبی تہوار دیوالی پر اپنے پیغام میں شہباز شریف نے دیوالی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا معاشرے میں متنوع ثقافتی اور مذہبی روایات قابل قدر معاشرتی اثاثہ ہیں،پاکستان کی ہندو برادری ہمارے قومی تشخص کا قابل قدر حصہ ہے اور ان کی ملکی ترقی میں خدمات لائق تحسین ہیں۔علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف10 نومبر سے ترکیہ کا 3روزہ دورہ کریں گے۔ذرائع کے مطابق دورہ کے دوران وزیراعظم کوپ ۔31 کانفرنس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے ۔ وزیراعظم شہباز شریف ترکیہ کی اعلیٰ قیادت کیساتھ دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے ۔ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان باہمی تعلقات اور تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...